مراکش سے انڈونیشیا تک مسلمان سامراج کے سازشوں کے متحد ہورہے ہیں ٗ راجہ ظفر الحق

انشاء اﷲ وہ وقت ضرور آئیگا جب مسلمان ایک ڈوری میں بندھے نظر آئیں گے ٗ سردار یوسف ہمارا قبلہ اور مرکز مکہ اور مدینہ ہیں جس دن ہم نے اپنا رخ اسطرف کر لیا ہمارے مسائل حل ہو جائینگے ٗ پیر نقیب الرحمن

اتوار 4 اکتوبر 2015 13:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ٗسینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق اور دیگر دینی و مذہبی رہنماؤں نے عالم اسلام کے اتحاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ مسلم نو جوان بیدار اور باصلاحیت ہیں ٗ امت مسلمہ اکٹھی ہو کر ہی ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کر سکتی ہے ٗ ہمیں آگے بڑھنے کیلئے جدید علوم اور سائنس وٹیکنالوجی سے استفادہ کرناہوگا ۔

ایک انٹرویو میں راجہ ظفر الحق نے جو موتمر عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل بھی ہیں کہاکہ او آئی سی کے قیام سے امت مسلمہ کو امید تھی کہ مسلمان ایک ہو جائیں گے اور امت سراب کی کیفیت سے نکل جائیگی لیکن فوری طورپر ایسا نہیں ہوسکا تاہم مسلم نو جوانوں سے ہمیں بڑی امیدیں وابستہ ہیں آج کا مسلمان سامران کی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہے اور میڈیا بھی مثبت کر دارادا کررہا ہے یہی وجہ ہے کہ مراکش سے انڈونیشیا تک مسلمان سامراج کے سازشوں کے متحد ہورہے ہیں وفاقی وزیر سر دار یوسف نے کہاکہ عالم اسلام اپنے اتحاد کے ذریعے ماضی کا مقام حاصل کر سکتا ہے انشاء اﷲ وہ وقت ضرور آئیگا جب مسلمان ایک ڈوری میں بندھے نظر آئیں گے اس ضمن میں سعودی عرب اور پاکستان اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں اور مسلمان ممالک میں اتحاد اور جدید علوم سے استفادہ کا شعور پیدا ہورہا ہے ٗ اسلام کے خلاف پس پردہ سازشیں ہورہی ہیں لیکن یہ دین غالب ہوکررہے گا ۔

(جاری ہے)

دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر نقیب الرحمن نے کہاکہ ہمارا قبلہ اور مرکز مکہ اور مدینہ ہیں جس دن ہم نے اپنا رخ اسطرف کر لیا ہمارے مسائل حل ہو جائینگے مسلما ن آج پستی کا شکار ہیں لیکن ہمیں مایوس ہونے کی بجائے اپنی صلاحیتوں کو یکجا کر نا چاہیے ۔اکادمی ادبیات کے سابق چیئر مین عبد الحمید نے کہاکہ مسلمانوں کے پاس اتحاد ٗ یکجہتی اور خود کو دنیا میں منوانے کیلئے قرآن اور سنت سے استفادہ کر نا ہوگا اگر ہم قر آن و سنت کی تعلیمات کو اپنا لیں تو ماضی کا مقام حاصل کر سکتے ہیں اور ہماری ترقی و کمال کا سورج طلوع ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :