Live Updates

این اے 122 میں (ن) لیگ نہیں ، اسٹیٹس کو اور دھاندلی کوکو شکست دیں گے ، اسٹیٹس کو ملک میں انصاف کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، این اے 122 کا ضمنی الیکشن پاکستان کیلئے بہت اہم ہے ، (ن) لیگ مینار پاکستان پر پی ٹی آئی سے بڑا جلسہ کرکے دکھائے ، ہمسایہ ممالک سے دوستی پر یقین رکھتا ہوں، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے جنرل راحیل شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ،خیبرپختونخوا کا احتساب سیل مکمل طور پر آزاد ہے ،پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کانجی ٹی وی کو انٹرویو

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 23:52

این اے 122 میں (ن) لیگ نہیں ، اسٹیٹس کو اور دھاندلی کوکو شکست دیں گے ، اسٹیٹس ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3اکتوبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کو نہیں ، اسٹیٹس کو کو شکست دیں گے ، اسٹیٹس کو ملک میں انصاف کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، این اے 122 کا ضمنی الیکشن پاکستان کیلئے بہت اہم ہے ، چیلنج کرتا ہوں کہ (ن) لیگ مینار پاکستان پر پی ٹی آئی سے بڑا جلسہ کرکے دکھائے ، ہمسائیہ ممالک سے دوستی پر یقین رکھتا ہوں، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے جنرل راحیل شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ، ، خیبرپختونخوا کا احتساب سیل مکمل طور پر آزاد ہے۔

ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات میں پنجاب میں منصوبے کے تحت دھاندلی کی گئی اور الیکشن کمیشن (ن) لیگ کے ساتھ ملا ہوا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور کی عوام سمن آباد کے جلسے میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کیلئے نکلیں ۔ میں (ن) لیگ کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ مینار پاکستان پر پی ٹی آئی سے بڑا جلسہ کرکے دکھائے ، ہمارے مینار پاکستان میں ہونیوالے جلسے میں تقریباً 10 لاکھ لوگ تھے اور مجھے اب بھی یقین ہے کہ لاہور کے لوگ ہمارے لئے نکلیں گے ۔

عمران خان نے کہاکہ لاہور کے حلقہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کو ہی نہیں اسٹیٹس کو کو بھی شکست دیں گے ، اگر (ن) لیگ جیت گئی تو کہا جائے گا کہ ہم نے دھاندلی نہیں کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ 30اکتوبر 2011ء کے بعد اصل پاکستان تحریک انصاف بنی ، میں نے اپنے مقصد تک پہچنے کیلئے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے جنرل راحیل شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں 980 ارب کی کرپشن کی نشاندہی کی مگر کرپشن کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ، عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا احتساب سیل مکمل طور پر آزاد ہے ، سوا دو سال کی کے پی کے کی حکومت کے دوران میں نے بہت کچھ سیکھا اور اب کے پی کے کی پولیس مکمل طور پر سیاست سے پاک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے کہا کہ کے پی کے کی پولیس غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہے ، عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا بیٹا 7 سو کروڑ روپے کے گھر میں رہتا ہے ، اتنا پیسہ کہاں سے آیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمسائیہ ممالک سے دوستی پر یقین رکھتا ہوں ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم برسر اقتدار آنے کے بعد امن اور انصاف کا نظام لائیں گے جس میں عوام کو انصاف ملے گا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات