`زرعی پیکج پر سیاست افسوسناک امر ہے ،پیکج کے اہم حصوں پر پابندی سے کسانوں پر مالی بوجھ میں اضافہ ہوگا‘ صو بائی وزیر زراعت

کاشتکاروں او رکسانوں کودرپیش مسائل کا فوری حل زرعی پیکج پر مکمل عملدرآمد میں ہے ‘ ڈاکٹر فرخ جاوید سیاسی مفاد کی خاطر پیکج پر بے جاتنقید سے کسانوں کو نقصان ہورہاہے ،آئندہ پیداوار متاثرہوسکتی ہے ‘ کسان تنظیموں کے نمائندگان`

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 22:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہاہے کہ زرعی پیکج پر سیاست کرنا افسوسناک امر ہے -سیاسی مفاد کی خاطر زرعی پیکج پر بے جاتنقید سے کسانو ں اور کاشتکاروں کو نقصان ہورہاہے - پیکج کے اہم حصوں پر پابندی سے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا - ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر زراعت نے گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی کسان تنظیموں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا- انہو ں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کسانوں کی فلاح وبہبود اور زراعت کے شعبہ کی ترقی کے لئے جاری منصوبوں پر دن رات کام کررہی ہے - کسان کی خوشحالی کے بغیر ملکی معیشت میں بہتری ناممکن ہے بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے زرعی پیکج پر تنقید سے کسانوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں - ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہاکہ کسانوں کودرپیش مالی مشکلات کا فوری حل زرعی پیکج پر مکمل عملدرآمد میں ہے - زرعی شعبہ کی ترقی کے منصوبوں میں رکاوٹ پیدا کرنے سے براہ راست عوام کو نقصان ہوگا - صوبائی وزیر زراعت نے کہاکہ پنجاب حکومت نے وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایات کے مطابق اس پیکج پر فوری عملدرآمد کے لئے لائحہ عمل مرتب کرلیا ہے - ضلعی افسران کسانوں، کاشتکاروں اور تاجروں کے ساتھ مل کر ڈیٹا کی فراہمی کا عمل جلد مکمل کرلیں گے ،کسانو ں کو ان کا حق جلد ملے گا - اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی - کسان تنظیمو ں کے نمائندو ں نے اس موقع پر زرعی پیکج کے اہم حصوں پر پابندی کے حوالے سے اپنے تحفظات اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا -کسان نمائندوں کا کہنا تھا کہ اگر کسانوں کی مالی امداد میں تاخیر کی گئی تو آئندہ فصل کی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے -مالی معاونت میں تاخیر سے کسانو ں او رکاشتکارو ں پر قرضوں او رمعاشی بوجھ میں اضافہ ہوگا - ملاقات میں کسان تنظیمو ں کو ضلعی سطح پر درپیش مسائل بھی زیر بحث لائے گئے ۔

`

متعلقہ عنوان :