`کراچی کی روشنیاں اور رونقیں بحال ہورہی ہیں،ایف پی سی سی آئی میں بھی ملک کی طرح بہتری کا عمل شروع ہوچکا ہے،عبدالرحیم جانو`

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء)وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت(ایف پی سی سی آئی )کے سینئر نائب صدر عبدالرحیم جانو نے کہا ہے کہ کراچی کی روشنیاں اور رونقیں بحال ہورہی ہیں جبکہ ایف پی سی سی آئی میں بھی ملک کی طرح بہتری کا عمل شروع ہوچکا ہے،ایف پی سی سی آئی کی ساکھ اورکارکردگی کو بہتر بنانے میں ادارے کے عملے نے تمام عہدیداروں اور بالخصوص فیئراینڈ ایگزیبیشن اور ایوارڈ اسٹینڈنگ کمیٹی کا بھرپور ساتھ دیا ہے جبکہ دوروز قبل اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب کو کامیاب بنانے میں بھی ریپ کے ممبران اور فیڈریشن کے ہرفرد نے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات ہفتے کوایف پی سی سی آئی میں فیڈریشن چیمبرکے اسٹاف ممبران کو دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایف پی سی سی آئی کے نائب صدورشہاب ظفر،شاہنواز اشتیاق،ریپ کے سابق چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی میں رائس سیکٹر کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین رفیق سلیمان اور جاوید جیلانی بھی موجود تھے۔اس موقع پرفیڈریشن کے قائمقام سیکریٹری جنرل مہرعالم اورامجدقریشی کوبہترین کارکردگی پر شیلڈ پیش کی گئی۔

عبدالرحیم جانو نے کہا کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس کی بیلنس شیٹ بہتر ہورہی ہے،مالی معاملات کو اخراجات میں کمی کے ذریعہ بہتر بنایا جارہا ہے اس سلسلے میں صدر فیڈریشن میاں ادریس سمیت ادارے کے تمام نائب صدور اور اسٹاف نے کام کیا ہے،ہم نے فیڈریشن کے کیپٹل آفس کیلئے بھی ایک موثر پلان مرتب کیا ہے جس پر جلد ہی عملدرآمد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والے برسوں میں بھی اگر انہیں اچیومنٹ ایوارڈ،ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ اور فیئروایگزیبیشن اسٹینڈنگ کمیٹی کی ذمہ داریاں دی گئیں تو ہم انہیں ضرور نبھانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

ایف پی سی سی آئی کے قائمقام سیکریٹری جنرل مہرعالم نے کہا کہ ہم نے اپنے فرائض ادا کئے ہیں لیکن ہمیں جو عزت سینئر نائب صدر عبدالرحیم جانو سے ملی ہے وہ ایف پی سی سی آئی کی تاریخ میں پہلی بار ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا اسٹاف اتنا ٹرینڈ اور قابل ہے کہ ہمیں کسی بھی مینجمنٹ کمپنی کی ضرورت نہیں رہتی ۔ `