جمعیت اہل حدیث پاکستان کا این اے 122 اور پی پی147 کے ضمنی انتخابات میں ( ن)لیگ کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان

سردار ایازصادق سپریم کورٹ میں جاتے تو پہلی ہی سماعت میں انکے حق میں فیصلہ آسکتا تھا،لیکن عوا م کی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا‘ساجد میر عمران خاں انتخابی مہم ضرور چلائیں پر جمہوریت پر ضربیں مت لگا ئیں۔ عدالت اورالیکشن کمیشن پر انگلیاں بھی مت اٹھائیں‘پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 22:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے این اے 122 اور پی پی147 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ( ن) کے امیدواروں سردار ایاز صادق اورمیاں محسن لطیف کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس امر کا اظہار دھرم پورہ میں سابق ایم پی ا ے حاجی عبدالرزاق رہائش گاہ پر مرکزی امیرسینیٹر پروفیسر ساجد میر ،ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ایم این اے اور حاجی نذیر احمد انصاری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔

پروفیسر ساجد میر نے لاہور جماعت کے امیر رانا نصراﷲ اور تمام ذیلی تنظیموں کو ہدایت کی کہ وہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں سے بھرپور تعاون کریں۔ دونوں حلقوں میں اہل حدیث عوام اپنی حلیف جماعت کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ سردار ایازصادق سپریم کورٹ میں جاتے تو پہلی ہی سماعت میں انکے حق میں فیصلہ آسکتا تھا۔

(جاری ہے)

مگر انہوں نے عوا م کی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خاں انتخابی مہم ضرور چلائیں پر جمہوریت پر ضربیں مت لگا ئیں۔ عدالت اورالیکشن کمیشن پر انگلیاں بھی مت اٹھائیں۔ الیکشن میں فوج اوررینجرز کی نگرانی کے باوجود عمران خاں کی بوکھلاہٹ سمجھ سے بالاتر ہے۔ مجھے تو ڈر ہے اور یہ کوئی بعید بھی نہیں کہ عمران خاں الیکشن ہارنے پر کہیں رینجرز اور فوج پر بھی انگلیاں اٹھانا شروع کردیں۔بعدازاں سردار ایاز صادق اور محسن لطیف نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کی قیادت کی طرف سے اپنی حمایت کے اعلان پر شکریہ اداکیا۔