راولپنڈی ، امیر المومنین سیدنا عثمان غنی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کایوم ِ شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 22:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء)دنیا بھر کے مسلم ممالک کی طرح پاکستان میں بھی عظیم عاشق رسول امیر المومنین سیدنا عثمان غنی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کایوم ِ شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا ،اسی ضمن میں طلباء تنظیمیں بھی پیش پیش دکھائی دیں ،جب کہ انجمن طلباء اسلام کے زیر اہتمام ملک بھر کی جامعات ،کالجز اور مساجد میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر محمد عاکف طاہرنے حضرت عثمان غنی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی حیات طیبہ کے عظیم پہلو کو نصاب کا حصہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری موجودہ اور آنے والی نسلوں کوصحابہ اکرام کے طرز عمل سے آشناء کرنے کی اشد ضرورت ہے،سیدنا عثمان غنی ؓ شرم و حیاء کے عظیم پیکر تھے،عرب میں قدیم زمانہ سے غلامی کا رواج تھا آپ نے کئی غلاموں کو خرید کرآزاد کروایا ، قرآن پاک کو آقا ؐ کی زبان مبارک سے سن کر نقل کر نے کیوجہ سے آپکو جامع القرآن کا لقب دیا گیا،علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ آپ وہ واحد صحابی تھے جنہیں نبی پاک ؐ کی بارگاہ سے ذوالنّورین (دو نوروں والا)کا لقب ملا۔یعنی نبی پاک ؐ کی دو شہزادیاں یکے بعد دیگرے آپ کے نکاح میں آئیں۔