`جنرل ہسپتال میں قواعد و ضوابط اور حکومتی پالیسی کے برعکس ہونے والے تمام انٹرویوز منسوخ

این ٹی ایس کے ذریعے خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل مکمل کیا جائے گا‘ پرنسپل پی جی ایم آئی میرٹ، شفافیت اور ڈسپلن کی پالیسی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی‘ پروفیسر خالد محمود`

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی رپورٹ پر چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ جنرل (ر) ضیاء الدین خواجہ نے لاہور جنرل ہسپتال میں قواعد و ضوابط اور حکومتی پالیسی کے برعکس ہونے والے وہ تمام انٹرویوز منسوخ کردیئے ہیں جو مختلف شعبوں میں بھرتی کیلئے ہوئے تھے۔

چیئرمین بی او ایم نے مذکورہ آسامیوں کے لیے دوبارہ اشتہار دینے اور این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی کو لازمی قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اور ایم ایس ایل جی ایچ کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد نے رواں سال جولائی میں اپنے عہدوں کا چارج سنبھالنے کے بعد ادارے میں بھرتیوں اور دیگر امور کا جائزہ لینے کی غرض سے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرائی۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں حال ہی میں ہسپتال میں مختلف آسامیوں کیلئے ہونے والے انٹرویوز میں متعدد بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔ ہسپتال انتظامیہ نے تمام صورتحال سے بورڈ آف مینجمنٹ کو آگاہ کیا جس پر چیئرمین بی او ایم جنرل (ر) ضیاء الدین خواجہ نے ایسے انٹرویوز کی منسوخی کا فیصلہ کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں میرٹ، شفافیت اور ڈسپلن کی پالیسی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی سفارش، دباوٴ یا اثر و رسوخ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔