Live Updates

`موجودہ حالات میں اتحاد اور اتفاق کی ضرورت پہلے سے کئی زیادہ بڑھ گئی ہے‘ شہبازشریف

وزیراعلیٰ شہباز شریف سے جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجدمیر کی قیادت میں وفدکی ملاقات معاشرے میں اخوت ، بھائی چارے ، تحمل اور رواداری کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے،آپریشن ضرب عضب کے ذریعے ملک کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کیا جا رہا ہے نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے قومی عزم کا عکاس ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب`

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز یہاں جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے فیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے اورآپریشن ضرب عضب کے ذریعے ملک کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کیا جا رہا ہے۔

دہشت گردوں اوران کے سرپرستوں کو کہیں سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی اتفاق رائے سے بنائے جانے والے نیشنل ایکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد ہو رہا ہے اورنیشنل ایکشن پلان دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے قومی عزم کا عکاس ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب میں بھی نیشنل ایکشن پلان کے تحت موثر اقدامات تیزی سے کیے جارہے ہیں۔

پاکستان کے 18کروڑ عوام دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خاتمے کا عزم کرچکے ہیں ۔بے گناہ پاکستانیوں کاخون بہانے والے امن کے دشمن اپنے عبرتناک انجام تک پہنچیں گے اور آخری دہشت گردکے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ قوم کے اتحاد کے ذریعے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ا کھاڑ پھینکیں گے- وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے- موجودہ حالات میں معاشرے میں اخوت ، بھائی چارے ، تحمل اور رواداری کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے-وزیراعلیٰ نے کہا کہپرامن معاشرے کی تشکیل اور اخوت کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار اداکرناہے کیونکہ موجودہ حالات میں اتحاد اور اتفاق کی ضرورت پہلے سے کئی زیادہ بڑھ گئی ہے- ایم این اے حافظ عبدالکریم اورامیر بیت المال پنجاب سلمان منگلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات