محکمہ صحت میں خراب کارکردگی دکھانے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ جام مہتاب حسین ڈھر

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 21:54

کراچی ۔ 3 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال ناگن چورنگی رورل ہیلتھ سینٹر بلدیہ ٹاؤن اور سینٹرل ڈپو کا اچانک دورہ کیا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال ناگن چورنگی کے دورے کے دوران صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہسپتال کے تمام عملے کو یونیفارم پہننی چاہئے اور پیر تک تمام عملے کو یونیفارم مہیا کی جائیں اور ہسپتال کی کارکردگی سے متعلق روزانہ انہیں واٹس اپ بھی کیا جائے اس کے علاوہ صوبائی وزیر صحت نے گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال کے معاملات کو احسن طریقے سے چلانے کیلئے ایک ذمہ د ار شخص کو اس بات کا پابند بنایا کہ وہ نہ صرف صورتحال مانیٹرکریگا بلکہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی پیش کرے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے رورل ہیلتھ سینٹر بلدیہ ٹاؤن 50بستروں کے ہسپتال کے دورے کے موقع پر بلڈنگ کی تعمیر میں استعمال ہونے والے ناقص مٹیریل اور صفائی کی خراب صورتحال پر اپنی برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ فوری طور پر صورتحال کو بہتر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمارت کا افتتاح 2006ء میں کیا گیا تھا لیکن افسوس کی بات ہے کہ اس کی تعمیر میں غفلت برتی گئی ہے اور اس غفلت میں محکمہ صحت اور ورکس اینڈ سروسز دونوں ذمہ دار ہیں اور اس معاملے کو اعلی سطح پر اٹھایا جائیگا۔

جام مہتاب حسین ڈھر نے محکمہ صحت کے سینٹرل ڈپو کا دورہ کیا اور وہاں موجود اسٹاک ادویات کا جائزہ لیا اور انونٹری ریکارڈ بھی چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ میں خراب کارکردگی دکھانے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے صرف اچھی شہرت کے ایماندار لوگ ہی محکمہ صحت میں کام کرسکتے ہیں۔