اوزون سیل کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے انتھک کوشش کریں گے، مظہر حیات

ژ

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 21:26

اسلام آباد ۔03 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے مالی و تکنیکی مدد سے قائم اوزون سیل کے نیشنل پروگرام منیجرمظہر حیات نے کہا ہے کہ اوزون سیل کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے انتھک کوشش کریں گے تاکہ عالمی سطح پر اوزون پردے کی بحالی کے کام میں پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوزون سیل کے نیشنل پروگرام منیجر بننے کے بعد کیا۔ مظہر حیات وفاقی وزارت میں موسمیاتی تبدیلی کے سیکشن کی سربراہی کرتے رہے ہیں، جس کے دوران انہوں نے عالمی حدت میں اضافے کے باعث پاکستان کو درپیش موسمی خطرات کوعالمی سطح پراٹھایا۔ گذشتہ دنوں، اوزون سیل کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے، وفاقی وزارت نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ایک سمری ارسال کی تھی جس میں وفاقی وزارت میں موسمیاتی تبدیلی کے معاملات پر کام کرنے والے او ایم جی گروپ کے قابل افسر مظہر حیات کو اوزون سیل کا نیشنل پروگرام منیجربنانے کے تجویز کی تھی۔

(جاری ہے)

بدھ کو سمری منظور کرنے کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس سلسلے میں اسی دن نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلا میں موجود اوزون پردے جو سورج کی مضر شعاعوں کو زمین تک پہنچنے سے روکتا ہے،میں پڑنے والا شگاف چمڑی کی کینسر جیسے امراض کا باعث ہے جس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے تاہم اس شگاف کو پْر کرنے کے لیے فرج، ائیرکنڈیشنرز اور پرفیوم اسپرے میں استعمال ہونے والی کلوروفلوروکاربن جیسی زہریلی اور ماحول دشمن گیسوں کے استعمال کو کم کرنا ناگزیر ہے۔ مظہر حیات نے مزید کہا کہ ان گیسوں کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں تیز کردی گئی ہیں جن میں پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے۔