وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیرپر دوٹوک موقف اپنا کر عوام کے جذبات کی ترجمانی کی،افتخار احمد وارثی

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 21:09

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء ) فوڈ اتھارٹی راولپنڈی ڈویژن کے کو آرڈینیٹر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی افتخار احمد وارثی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے عوام کی جذبات کی ترجمانی کی ہے جس پر وہ قوم کی جانب سے مبارکباد کے مستحق بنتے ہیں ․ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اپنے ملک کے مفادات اور مختلف موضوعات پر قومی امنگوں کے ترجمان موقف کو بڑی خوبصورتی اور مہارت کے ساتھ اقوام کے سامنے پیش کیا ہے ․ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر بیٹھ کر مخالف سیاسی جماعتوں کے راہنماء ہمہ وقت مسلم لیگ ن پر تنقید کے پہلو ڈھونڈتے رہتے ہیں مگر وزیر اعظم کے خطاب سے انہیں مایوسی ہوئی ہے ․ افتخار احمد وارثی نے کہا کہ وزیر اعظم کے خطاب سے ثابت ہو گیا ہے کہ ہماری جماعت کی پہلی ترجیح ملکی مفادات کا تحفظ ہے اور دنیا کے ممالک کے ساتھ تعلقات قائم کرنا اور انہیں فروغ دینا پاکستان کے مفادات کے تابع ہی ہو سکتا ہے ․