دہشتگرد اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں،انکاقلع قمع کرکے دم لیں گے،ملکی دفاع وسلامتی کیلئے پوری قوم متحد اور پاک فوج کیساتھ ہے، ضرب عضب دفاع پاکستان کا روشن باب ہے،ضرب عضب آپریشن نے دہشتگردی کی کمر توڑ دی

سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجازقادری کا سیدناعثمان غنیؓ کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 21:08

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء) سُنّی تحریک پا کستان کے سربراہ محمدثروت اعجازقادری نے کہا کہ دہشتگرد اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ہرحال میں انکاقلع قمع کرکے دم لیں گے،ملکی دفاع وسلامتی کیلئے پوری قوم متحد اور پاک فوج کیساتھ ہے، ضرب عضب دفاع پاکستان کا روشن باب ہے،ضرب عضب آپریشن نے دہشتگردی کی کمر توڑ دی ہے، پوری دنیا ضرب عضب آپریشن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،بھارت انتہاپسندی اورعصبیت کا چشمہ اتار کر دیکھے تو پتہ چل جائیگا کہ پاکستان نے دہشتگردوں کو نکیل ڈال دی ہے ، بھارت ہٹ دھرمی کی بجائے پاکستان کے چار نکاتی امن فارمولے کو تسلیم کرئے، ہفتہ کو تحریک صراط مستقیم کے زیراہتمام فضل ٹاؤن میں سیدناعثمان غنیؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنی عشق رسولؐ اور اطاعت رسول ؐ کاپیکرتھے، زبان رسولؐ نے آپکو کئی بار جنتی قرار دیا اور آپکے فضائل و مناقب بیان کیے،آپ نے اپنی جان تو پیش کردی مگر اُمت مسلمہ میں خون خرابہ نہیں ہونے دیا ،ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے حکمران صحابہ کرام کا روشن کرداراپنائیں، جنرل راحیل شریف دلیر اور بے باک سپہ سالار ہیں جو ملک کی سلامتی و استحکام کیلئے جرأت مندانہ کاوشوں میں مصروف ہیں ،جنرل راحیل شریف کی مدت میں اضافہ پوری قوم کی خواہش ہے ،کیونکہ عوام سمجھتے ہیں دہشتگردی سے نجات کیلئے راحیل شریف کی کاوشوں کو ادھورا چھوڑا گیا تو دہشتگرد پھر سے پنپنا شروع ہوجائیں گے ،دہشتگردی کے خلاف جاری ضرب عضب آپریشن کو مکمل کامیابی تک جاری رکھا جائے،اس موقع پرسُنّی تحریک کے صوبائی صدرمحمدشاداب رضانقشبندی،مفتی لیاقت علی رضوی، علامہ اشفاق احمدصابری،علامہ عطاء الرحمن،صاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی ودیگرعلماء ومشائخ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :