(ن)لیگ کا این اے 122کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ اہم اجلاس ،پارٹی پوزیشن ، انتخابی مہم سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

حمزہ شہباز کی حلقے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ ،اراکین اسمبلی کو اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کے احکامات لیگل ایڈوائزرز نے اجلاس کے شرکاء کو ہائیکورٹ کے فیصلے کے حوالے سے قانونی نکات پر رائے دی ،اراکین اسمبلی کے ہمراہ وزراء کو بھی سرکاری وسائل کا استعمال کئے بغیر انتخابی مہم میں اتارنے کا حتمی فیصلہ

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 21:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کا این اے 122اور ذیلی حلقہ پی پی 147کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ اہم اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں پارٹی پوزیشن ، انتخابی مہم اور لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کے این اے 122سے متعلق الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کے فیصلے سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس کے دوران حمزہ شہباز شریف نے حلقے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اس موقع پر اراکین اسمبلی کو یونین کونسل کی سطح پر اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کیلئے احکامات بھی جاری کئے گئے ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان ، خواجہ سعد رفیق ، چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن ،این اے 122سے امیدوار سردار ایاز صادق ، پی پی 147سے امیدوار میاں محسن لطیف ، لاہور کے صدر پرویز ملک ، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر سمیت صوبائی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں این اے 122میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں تیاریوں اور اب تک چلائی گئی انتخابی مہم کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کے دوران مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ لیگل ایڈوائرزنے اجلاس کے شرکاء کو لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کے الیکشن کمیشن کی طرف سے این اے 122کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کے حوالے سے قانونی نکات پر رائے دی ۔

قانونی ماہرین کے مطابق اراکین اسمبلی کے ساتھ نہ صرف وزراء بلکہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بھی انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے ہیں لیکن انہیں سرکاری وسائل استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزراء سرکار ی گاڑی ، پروٹوکول اور دیگر سرکاری وسائل کا استعمال کئے بغیر ذاتی حیثیت میں انتخابی مہم میں بھرپورشرکت کریں گے ۔ اجلاس میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) اس حلقے میں ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور انشا اﷲ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اراکین اسمبلی جنہیں یونین کونسل کی سطح پر ڈیوٹیاں تفویض کی گئی ہیں انہیں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :