جسٹس (ر) جاوید اقبال کی نماز جنازہ گلبرگ میں ادا ،جی ٹی روڈ قبرستان عائشہ میں سپرد خاک کر دیا گیا

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 20:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء) شاعر مشرق علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس (ر) جاوید اقبال شدید علالت کے بعد وفات پا گئے۔ وہ شوکت خانم ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ گزشتہ روز ان کی سانس اکھڑنا شروع ہو گئی تھی۔ مرحوم جاوید اقبال کی نماز جنازہ گلبرگ میں ادا کی گئی جنہیں بعد ازاں جی ٹی روڈ قبرستان عائشہ میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے بعض ریٹائرڈ اور حاضر سروس ججز کے علاوہ مرحوم کے عزیز و اقارب سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کے عہدیداران کے علاوہ مرحوم کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم نے اپنے پسماندگان میں ایک بیوہ اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔ مرحوم جاوید اقبال کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ 5 اکتوبر 1924ء کو پیدا ہوئے۔

1971ء میں لاہور ہائیکورٹ کے جج بنے۔ بعد ازاں انہیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بنا دیا گیا اور وہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج بھی رہے۔ مرحوم متعدد کتابوں کے مصنف تھے اور دل کی بیماری میں مبتلا تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جاوید اقبال کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :