آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2017ء کے لیے 8ٹیموں کا اعلان کر دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 30 ستمبر 2015 14:16

آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2017ء کے لیے 8ٹیموں کا اعلان کر دیا

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30ستمبر ۔2015ء )انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے چیمپئنز ٹرافی 2017ء کے لیے 8ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے ۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایونٹ میں ٹاپ 8ٹیمیں شرکت کر یں گی جن میں جنوبی افریقہ ، آسٹریلیا ، بھارت ، انگلینڈ ، بنگلہ دیش ، پاکستان ،نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں ۔آئی سی سی کے مطابق پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے و ن ڈے رینکنگ میں 8ویں پوزیشن سنبھال لی ہے جس کے بعد وہ چیمپئنز ٹرافی 2017ء میں شرکت کا اہل ہوا ہے ۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں 3-0 کی شکست کے بعد پاکستان عالمی درجہ بندی میں نویں پوزیشن پر پہنچ گیا تھا جس کے بعد قومی ٹیم کی 2017ء کے آئی سی سی ایونٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی تھی اور پاکستان کا آئی سی سی رینکنگ میں شرکت کیلئے بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے مقابلہ تھا جہاں اسے 30 ستمبر 2015ء سے قبل آٹھویں درجے پر پہنچنا تھا ۔

(جاری ہے)

پاکستان نے پہلے زمبابوے اور پھر سری لنکا کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں شرکت کے امکانات روشن کر لیے تھے ۔

8 ملکی چیمپیئنز ٹرافی یکم سے 18 جون 2017ء تک انگلینڈ میں کھیلی جائے گی ۔ یہ 2006ء کے بعد پہلا موقع ہو گا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرے گی ، اس سے قبل اس نے 2006ء میں ہندوستان کی سرزمین پر کھیلی گئے ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کی تھی ۔ ایونٹ میں کل 15 میچ کھیلے جائیں گے جس میں ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا جہاں ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں جس کے بعد سیمی فائنل کی فاتح دو ٹیمیں 18 جون کو ٹرافی کیلئے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی ۔