منیٰ سانحہ،شہید پاکستانیوں کی تعداد 44 ہو گئی، نئی فہرست جاری

منگل 29 ستمبر 2015 12:32

منیٰ سانحہ،شہید پاکستانیوں کی تعداد 44 ہو گئی، نئی فہرست جاری

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 ستمبر۔2015ء ) سانحہ منی ٰ میں شہید ہونیوالے پاکستانیوں کی تعداد 44ہوگئی جس کی وزارت مذہبی امور نے تصدیق کی ۔منگل کو میڈیا رپورٹس کے مطابق 60 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ وزارتِ مذہبی امور نے نئی فہرست جاری کر دی۔ شہیدوں میں جن دو افراد کا اضافہ ہوا ان میں شانگلہ سوات کے حیدر علی ہیں جو پاکستان میڈیکل مشن کا حصہ تھے جبکہ دوسرا نام ،، حسنہ بی بی کا تھا۔

دوسری جانب بعض شہدا کی تدفین بھی جاری ۔ ملتان کی شہید عزیزہ بی بی کی تدفیق ان کے بھائی نے سعودی عرب میں کردی ۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے پانچ دیگر افراد کی تدفین بھی کی جاچکی ہے۔منیٰ میں بھگدڑ کا واقعہ گزشتہ جمعرات کو پیش آیا۔ا س دن سے متاثرہ حاجیوں کے پاکستان میں اہل خانہ ایک ایک لمحہ کرب و اذیت میں گزار رہے ہیں۔ کسی کو اب تک اپنے پیاروں کی گمشدگی ستا رہی ہے تو کوئی وطن سے دور شہیدوں کے دیدار کو ترس رہا ہے۔کراچی کے حاجی اسماعیل خان ایڈوکیٹ شہید کے اہل خانہ نے بھی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ جلد از جلد انہیں سعودی عرب بھجوایاجائے۔دوسری جانب حکومت پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حج مشن مکمل ہوتے ہی ہر خاندان سے شہیدوں کے قریبی عزیزوں کو سعودی عرب بھجوایاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :