اسلام آباد: لودھراں کی عوام ہمارے ساتھ ہے، ن لیگ نے الیکشن سے راہ فرار اختیار کیا ہے، صدیق بلوچ کو لیگل نوٹس بھیجوں گا، رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 29 ستمبر 2015 12:32

اسلام آباد:  لودھراں کی عوام ہمارے ساتھ ہے، ن لیگ نے الیکشن سے راہ فرار ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 29 ستمبر 2015 ء) : پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ لودھراں میں مسلم لیگ (ن) کا صفایا ہوگیا ہے اس لئے میدان چھوڑ کر بھاگ گئی۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم الیکشن کے میدان میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، مسلم لیگ ن کو پتا چل گیا ہے کہ لودھراں میں ان کا صفایا ہوگا اور اب دھاندلی سے بھی کام نہیں بنے گا،اس لئے مسلم لیگ (ن) میدان چھوڑ کر بھاگ گئی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ انصاف وہ ہوتا ہے جو وقت پرہو، انہوں نے انصاف کے لئے ڈھائی سال تک انتظار کیا، انصاف صرف حکومتی پارٹی کا نہیں بلکہ ہمارا بھی حق ہے، این اے 154 کے ضمنی انتخاب روکنے کے لیے عدالت کے فیصلے پر افسوس ہوا ہے کیونکہ الیکشن کے میدان میں ہونے والا مقابلہ اب بند کمروں میں ہوگا اور اب لودھراں میں اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ فرار ہو گئی ورنہ الیکشن میں ان کو بد ترین شکست کا سامنا ہوتا. جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ شریف برادران کو مجھ سے ذاتی رنجش ہے میں صدیق بلوچ کو بھی لیگل نوٹس بھیجوں گا.