سندھ حکومت خود کرپشن کی موجد ہے وہ کرپشن کا خاتمہ کیسے کرسکتی ہے،الٰہی بخش سومرو

رینجر زاور نیب کی کاروائیاں قانونی ہیں سندھ حکومت بوکھلاہٹ کا شکارہوچکی ہے ،سابق اسپیکر قومی اسمبلی کی وفد سے گفتگو

پیر 28 ستمبر 2015 20:09

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرونے کہاہے کہ سندھ حکومت خود کرپشن کی موجد ہے وہ کرپشن کا خاتمہ کیسے کرسکتی ہے رینجر زاور نیب کی کاروائیاں قانونی ہیں سندھ حکومت بوکھلاہٹ کا شکارہوچکی ہے اس لیے رینجر زاور نیب کی کاروائیو ں پر اعتراض کررہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی سندھ سے آنکھیں پھیر لیں جس کے باعث سندھ کے پرانے مسلم لیگی رہنما ء مایوس ہوگئے ہیں ،انہوں نے کہاکہ پاکستان کے دو بڑے مسائل ہیں ایک کرپشن دوسرا امن امان دونوں مسائل کے حل میں آرمی چیف کا اقدام قابل ستائش ہے خصوصاً امن امان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے آپریشن نے آرمی چیف کو ہیروبنادیاہے ،انہوں نے کہاکہ باؤنڈری لائین پر انڈیاکی مسلسل گولہ باری اورکاروائی کا جواب پاکستان دینے کی صلاحیت رکھتاہے لیکن جواب نہ دے کر صبر وتحمل کا مظاہرہ کیاگیا ہے ،انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری سمجھدار بچہ ضرور ہے لیکن پارٹی میں جان دینے کی قوت ذوالفقار علی بھٹو جیسی نہیں ہے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے زیادہ سمجھدار اورذہین ان کی بیٹی نفیسہ شاہ ہے سند ھ میں کرپشن کے خلاف ہونے والی رینجرز اورنیب کی کاروائی اچھی ہے جو بھی کرپشن میں ملوث ہوگا وہ اپنی باری کا انتظار کرے کیونکہ کرپشن کرنے والے کو معافی نہیں ملے گی ،انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں رینجرز کے خوف سے صاف شفاف انتخابات ہونے کی توقع کی جاسکتی ہے کیونکہ اس وقت ڈنڈا چل رہاہے اور ڈنڈے کی وجہ سے کئی لوگ خوفزدہ ہیں ۔