قطر میں شیڈول فٹ بال ورلڈ کپ 2022ء کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

ہفتہ 26 ستمبر 2015 15:17

قطر میں شیڈول فٹ بال ورلڈ کپ 2022ء کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

دوحا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26ستمبر ۔2015ء ) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے قطر میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ 2022 کی حتمی تاریخوں کو اعلان کر دیا ہے ۔ فیفا کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد فیفا نے تصدیق کی ہے کہ ورلڈ کپ 2022ء 21 نومبر سے شروع ہوکر قطر کے قومی دن 18 دسمبر کو اختتام پذیر ہو گا ۔ شیڈول کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 28 روز تک جاری رہے گا جب کہ 1998ء سے ٹورنامنٹ میں 32 ٹیموں کو شامل کیے جانے کے بعد ایونٹ عموماً 32 روز تک جاری رہتا تھا ۔

(جاری ہے)

قطر میں ہونیوالے ورلڈ کپ میں اہم تبدیلی ٹورنامنٹ دسمبر میں منعقد ہونا ہے کیونکہ اس سے قبل کھیلے جانے والے ورلڈکپ عموماً جون اور جولائی کے مہینوں میں کھیلے جاتے رہے ہیں تاہم اس تبدیلی کا مقصد کھلاڑیوں کو خلیج کے گرم موسم سے محفوظ رکھنا ہے ۔ قطر کو 2022ء کے عالمی کپ کی میزبانی 2010 میں عطا کی گئی تھی جب کہ 2018ء کا ورلڈ کپ روس میں ہوگا ۔ یاد رہے کہ مذکورہ دونوں ممالک پر میزبانی حاصل کرنے کے لیے رشوت دینے کا الزام ہے ، اس حوالے سے فیفا کا کہنا ہے کہ یہ الزام ثابت ہونے کی صورت میں دونوں ملکوں سے میزبانی کے حقوق واپس لے لیے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :