تصویر کے حقوق ملکیت بندر کو دئیے جائیں۔ مقدمہ درج ہوگیا

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 24 ستمبر 2015 23:12

تصویر کے حقوق ملکیت بندر کو دئیے جائیں۔ مقدمہ درج ہوگیا

سان فرانسسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24ستمبر۔2015ء) جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والاایک گروپ پیپل فار دی ایتھیکل ٹریٹمنٹ آف اینیملز(People for the Ethical Treatment of Animals)مختصراً پیٹا نے سان فرانسسکو میں ایک مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تصویر کا اصل مالک بندر ہے ، اس لیے اس کے حقوق ملکیت بندر کو دئیے جانے چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق 2011 میں ایک امریکی فوٹو گرافر ڈیوڈ جے سلاٹر کے کیمرے سے انڈونیشیا کے ایک بندر ناروٹو نے اپنی سیلفی بنائی جسے سلاٹر نےشائع کرایا۔

اس تصویر کو ویب سائٹ ویکیمیڈیا کامنز نے بھی عوامی ڈومین میں اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا۔ فوٹوگرافر سلاٹر نےکاپی رائٹ کا دعویٰ کرے ہوئے ویکیمیڈیا سے یہ تصویر ہٹانے کا کہا۔ ویکیمیڈیا نے یہ کہہ کر تصویر ہٹانے سے انکارکر دیاکہ یہ تصویر بندر نے لی ہے، اس لیے اسے پبلک ڈومین میں جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ویکیمیڈیا اور سلاٹر کے درمیان مقدمے بازی بھی ہوئی، جس میں سلاٹر نے موقف اختیار کیا کہ میں نے برطانیہ میں حقوق ملکیت حاصل کیے ہوئے ہیں، جو ساری دنیا کے لیے کارآمد ہیں اور بندر نے صرف بٹن دبایا تھا، باقی سیٹنگ میں نے کی تھی، کیمرہ میرا تھا۔

ویکیمیڈیا کا جواب تھا کہ تصویر بندر نے اپنے ہاتھوں سے بنائی تھی، اس لیے اس پر سلاٹر کا ہی حق نہیں۔ اب پیٹا نے سان فرانسسکو کی عدالت میں مقدمہ کیا ہے کہ اس تصویر کے حقوق ملکیت بندر کے نام کے جائیں۔ یہ مقدمہ فوٹو گرافر اور اس کی کمپنی کے خلاف کیا گیا ہے۔ پیٹا کا کہنا ہے کہ ہماری موقف بہت واضح ہے ، امریکا میں جانوروں کو حقوق ملکیت کی اجازت ہوتی ہے، اس لیے اس تصویر کے حقوق بندر کو دئیے جائیں، اس تصویر سے جو مالی فائدہ ہوا اس سے ناروٹو اور علاقے کے دیگر بندروں کی فلاح کے کام کیے جائیں۔