افغانستان، شدت پسندوں کے حملوں میں 15 سکیورٹی اہلکار ہلاک

بدھ 23 ستمبر 2015 00:18

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر۔2015ء) افغانستان کے شمالی علاقے میں دو حملوں میں 15 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے جن میں 10 فوجی بھی شامل ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق صوبہ جوزجان میں طلوع آفتاب سے قبل ہوئے ایک حملے میں شدت پسندوں نے 10 فوجیوں کو ہلاک کیا۔صوبے کے نائب پولیس سربراہ عبدالحفیظ خاشی نے کہا کہ کش ٹیپا ضلع میں ایک چیک پوائنٹ پر ایک سکیورٹی اہلکار نے شدت پسندوں کو اڈے میں داخل ہونے دیا جنہوں نے فائرنگ کر کے 10فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔

خاشی نے حملے کا باعث بننے والے فوجی کا نام محمد عالم بتایا اور کہا کہ یہ واضح ہے کہ وہ علاقے میں باغیوں سے جا کر مل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حملہ آور اور محمد عالم موقع سے فرار ہو گئے جبکہ سکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر شمالی صوبے بلخ میں پولیس سربراہ کے ترجمان شیر جان درانی کے مطابق سڑک میں نصب ایک بم پھٹنے سے 5 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے جن میں ایک ضلعی پولیس افسر بھی شامل تھا۔یہ اہلکار دولت آباد ضلع میں گشت کر رہے تھے جب ان کی کار ایک بم سے جا ٹکرائی۔ اس حملے میں تین اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ان واقعات کی تاحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن حالیہ مہینوں میں طالبان عسکریت پسندوں کی طرف سے سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :