نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کی سابق آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا، سابق صوبائی وزیرظہیر الدین ،سابق وزیر جنگلات گیان چند،سابق چیئرمین این آئی سی ایل عارف جاوید، سابق چیئرمین مسابقتی کمیشن ڈاکٹر جوزف سمیت کئی اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات کی منظوری

سابق صدر زرعی ترقیاتی بنک ذکا اشرف، سابق ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید اور ایم این اے رانا اسحاق کے خلاف انکوائری بند سابق ایم ڈی سندھ کوآپریٹو سوسائٹی نویدضرارکیخلاف ملکی خزانے کو ایک ارب 84 کروڑروپے کا نقصان پہنچانے کی شکایت پر ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

جمعرات 17 ستمبر 2015 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا، سابق صوبائی وزیرظہیر الدین، آغا ظفر الدین درانی، سید افتخار الحسن،سرفراز شاہ، سابق وزیر جنگلات گیان چند،سابق چیئرمین این آئی سی ایل عارف جاوید، سابق چیئرمین مسابقتی کمیشن،ڈاکٹر جوزف، اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال او وزارت صنعت و پیداوار کے افسران و عملے کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی جبکہ سابق صدر زرعی ترقیاتی بنک ذکاء اشرف، سابق ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید اور ایم این اے رانا اسحاق کے خلاف انکوائریاں بند کردی گئیں،سابق منیجنگ ڈائریکٹر سندھ کوآپریٹو سوسائٹی نوید ضرار کے خلاف ملکی خزانے کو ایک ارب 84 کروڑروپے کا نقصان پہنچانے کی شکایت پر ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری کی زیر صدارت نیب کے ایگزیکٹو بورڈکا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سابق و موجودہ حکومتی اہلکاروں کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کے فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں سابق چیئرمین ایچ آر ای نوید ظفرکے خلاف ملکی خزانے کو ایک ارب 84 کروڑروپے کا نقصان پہنچانے کی شکایت پر ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں (ن) لیگ کے ایم این اے افتخارالحسن، سرفراز شاہ اور دیگر کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام پر کارروائی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

اجلاس میں سندھ کے سابق وزیر زراعت سید علی نواز شاہ ،آغا ظفراﷲ درانی ،سابق ایم ڈی سندھ کوآپریٹو سوسائٹی عبدالستار لغاری اورپنجاب سے ظہیرالدین، فیصل آباد کے سابق ناظم اکبرعلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سابق صدر زرعی ترقیاتی بنک ذکاء اشرف، سابق ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید اور ایم این اے رانا اسحاق کے خلاف انکوائریاں بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا کے خلاف تحقیقات کا بھی حکم دے دیا گیا ہے، بلند اختر رانا پر کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال اور سابق وزیر جنگلات گیان چند کے خلاف بھی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ سابق چیئرمین این آئی سی ایل عابد جاوید اکبر اور دیگر ذمہ داران کے خلاف تحقیقات کی بھی منظوری دے دی گئی جبکہ سابق چیئرمین مسابقتی کمیٹی ڈاکٹر جوزف کے خلاف بھی کرپشن پر انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

متعلقہ عنوان :