بچوں کے مردہ باپ کے ساتھ تصویر بنوانے سے بہت سےلوگوں کو زندگی مل گئی

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 15 ستمبر 2015 23:38

بچوں کے مردہ باپ کے ساتھ تصویر بنوانے سے بہت سےلوگوں کو زندگی مل گئی

اوہائیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15ستمبر۔2015ء)ایک ماں نے اپنے فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹ سے ایک متنازعہ تصویر شیئر کی ہے، جس میں عورت ایوا ہالینڈ اور اس کے دو بچے، لوکاس اور آوا، اپنے مرے ہوئے باپ ، مائیک سیٹل کے کھلے ہوئے تابوت،کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تصویر میں مسکراتے ہوئے ماں اور بچوں کے چہرے پر کسی قسم کا غم نظر نہیں آرہا تاہم تصویر کے ڈسکرپشن کو پڑھ کر لگتا ہے کہ ان سے زیادہ دکھی کوئی نہ ہوگا۔

اوہائیو، امریکا سے تعلق رکھنے والی فیملی نے یہ تصاویر دوسرے لوگوں کو سبق دینے کے لیے شیئر کی ہے۔ تصویر کے ڈسکرپشن میں ایوا ہالینڈ نے بتایا ہے کہ کس طرح اس کا شوہر ہیروئن کی لت کی وجہ سے موت کے منہ میں چلاگیا۔ ایوا نے تصویر کے ڈسکرپشن میں تفصیل سے بتایا کہ کس طرح اس کا شوہر درد کش گولیاں لیتے ہوئے ہیروئن کا عادی ہوگیا۔

(جاری ہے)

اس نے ایک مرتبہ اپنا علاج بھی کرایا مگر پھر دوبارہ دانت کے درد کی گولی لینے سے ہیروئن تک پہنچ گیا۔

ایوا نے ہیروئن کے عادی دوسرے افراد کو اپنے شوہر کا انجام بتا کر انہیں زندگی کی طرف واپس آنے کا کہا۔ ایوا نے دودن بعد فیس بک پر ایک پوسٹ اور کی ، جس میں بتایا کہ ایک عورت اسے دور سے دیکھ کر اس کے پا س آئی اور روتے ہوئے اس کے گلے لگ گئی۔ اس عورت نے بعد میں بتایا کہ وہ بھی ہیروئن کی عادی تھی مگر ایوا کی پوسٹ پڑھنے کے بعد اس نے نشہ کرنا چھوڑ دیا۔ فیس بک پر ایوا کی پوسٹ 2 لاکھ 78 ہزار سےزیادہ بار شیئر ہو چکی ہے جبکہ ہزاروں لوگ اس کی ہمت کی داد دے رہے ہیں۔