امن، بھائی چار ہ ، برداشت ہماری ثقافت کا عملی مظہر ہیں، موجودہ حکومت قومی ورثے اور ثقافت کو محفوظ بنانے کیلئے پرعزم ہے ،پاکستان کا مضبوط ثقافتی ورثہ ہے ،اس کی تہذیب 7 ہزار سال پرانی ہے ، ثقافتی تبادلوں اور اقتصادی تعاون کے ذریعے خطے میں پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے، ہمارا مذہب اسلام امن کا درس دیتا ہے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا شاہراہ ریشم عالمی ثقافتی فورم سے خطاب

پیر 14 ستمبر 2015 23:21

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت اپنے قومی ورثے کو محفوظ بنانے کیلئے پرعزم ہے، ورثہ کو محفوظ بنانا پوری دنیا کی اجتماعی ذمہ داری بھی ہے ، امن، بھائی چارہ، برداشت ہماری ثقافت کا عملی مظہر ہیں، ثقافتی تبادلوں اور اقتصادی تعاون کے ذریعے خطے میں پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے، ہمارا مذہب اسلام امن کا درس دیتا ہے۔

وہ پیر کو یہاں دوسریشاہراہ ریشم عالمی ثقافتی فورم سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر پرویز رشید نے پاکستان کے مضبوط ثقافتی ورثہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ 7 ہزار سال پرانی مہرگڑھ تہذیب سے لیکر سندھ میں موہنجوداڑو، گندھارا اور ہڑپہ کی تہذیبوں کی امین ہے، ہم ایک ایسے ورثہ کے مالک ہیں جو ہمیں خاندانی اقدار پر زور دیتا ہے۔

(جاری ہے)

ہماری روایات میں بڑوں کا ادب اور میزبانی ہماری مضبوط اقدار کی عکاس ہیں، یہ اقدار صوفی بزرگ اور شعراء کے زیر اثر ہیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ جولوگ سلک روڈ پر سفر کرتے رہے وہ سالوں سے یہاں پر اپنے منفرد ثقافتی اثرات چھوڑتے آئے ہیں جن کے نشان آج بھی یہاں مل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا تجربہ ساتویں صدی میں سلک وے کے ساتھ ساتھ بدھ ازم، عیسائیت، آتش پرستی اور اسلامی ثقافت کا نظر آنا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی موجودہ جمہوری حکومت اپنے قومی ورثے کو محفوظ بنانے کیلئے پرعزم ہے اور وہ فن اور فنکار کے ذریعے ثقافت کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

فنکار خواہ ان کا تعلق پاکستان کے پسماندہ ترین علاقوں سے ہی کیوں نہ ہو ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت کو محفوظ بنانا گو کہ ہمارا فرض ہے تاہم اس ورثہ کو محفوظ بنانا پوری دنیا کی اجتماعی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے سلک روڈ انٹرنیشنل کلچرل فورم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی تبادلوں اور اقتصادی تعاون کے ذریعے خطے میں پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان ثقافت اور ایسے عالمی فورمز پر اسی طرح اپنی شرکت جاری رکھے گا تاکہ ثقافت کو فروغ اور اس کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔