وزیرمملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمٰن سے بلوچستان کے صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارت وال کی ملاقات

حکومت پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اورتمام علاقوں کو آئی ٹی کے ذریعے منسلک کرنے کا مسمم ارادہ رکھتی ہے، انوشہ رحمٰن

ہفتہ 5 ستمبر 2015 20:59

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) وزیرمملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ٹیلی سنٹرز کے قیام کا منصوبہ عملی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان کے صوبائی وزیر برائے آئی ٹی عبدالرحیم زیارت وال سے جمعہ کواسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔

بلوچستان کے صوبائی سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر عمر بابر بھی ان کے ہمراہ تھے۔انوشہ رحمن نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ وفاقی حکومت پہلے سے ہی غیر ترقی یافتہ اور دور افتادہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ایسے تمام علاقوں کو آئی ٹی کے ذریعے منسلک کرنے کا مسمم ارادہ رکھتی ہے۔ حال ہی میں یونیورسل سروسز فنڈ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بلوچستان سے متعلقہ "دیہی ٹیلی فون منصوبوں " کی منظوری دی ہے جو کہ سبّی، ژوب اور شانگلہ میں شروع کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں کی مزید تفصیلات بتلاتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ سبّی لاٹ میں سبی ، باراکھان ، قلعہ سیف الله اور لورالائی کے 258 موضع جات میں بسنے والے 437508 افراد مستفید ہو سکیں گے۔ اسی طرح ژوب لاٹ میں مشاخیل، شیرانی اور ژوب کے 186 دیہات کی تقریباَ 386126 نفوس پر مشتمل آبادی کو ربط (Connectivity) فراہم کی جائے گی۔ انوشہ رحمٰن نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسلام آباد میں ”اسٹیٹ آف دی آرٹ“ ٹیکنالوجی پارک ، کورین ایگزم بنک کی معاونت سے تعمیر کرنے جا رہے ہیں ۔

جو تقریباَ 45 ایکڑ رقبہ پر مشتمل ہوگا اور اسی طرح کے دو مزید ٹیکنالوجی پارک عنقریب تعمیر کئے جائیں گے۔وزیر مملکت نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ یونیورسل سروسز فنڈ کمپنی کے تحت ہمارا ” ٹیلی سنٹرز کے قیام“ کا منصوبہ عملی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور ہم بلوچستان کے دیہی علاقوں میں بھی ٹیلی سنٹرز قائم کرنے جا رہے ہیں ۔ ان ٹیلی سنٹرز میں صرف یہ کہ” ٹیلی کام کی سروسز فراہم کی جائیں گی بلکہ پہلے مرحلے میں نادرا“سے متعلقہ سہولیات بھی ان دور افتادہ دیہی علاقوں کے مکینوں کو انکے اپنے علاقوں میں میسر آ سکیں گی۔

صوبائی وزیر نے بلوچستان کے دیہی اور پسماندہ علاقوں کو آئی ٹی اور ٹیلی کام کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کی کاوشوں اور عزم کو سراہا اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کامیابی سے ”ای آفس نظام“ کے نفاذ پر وزیر مملکت انوشہ رحمن کو مبارکباد پیش کی اور بلوچستان میں بھی ”ای ۔ آفس سسٹم“ کے قیام کیلئے تعاون کی درخواست کی۔ انوشہ رحمن نے صوبائی وزیر کو بلوچستان میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور بلوچستان میں ”ای ۔ آفس سسٹم“ کے قیام کیلئے تمام تر تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا عندیہ دیا۔

متعلقہ عنوان :