یوم دفاع، قومی اتحاد کا اظہار ، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سفارتی تعلقات کو بروئے کار لایا جائے، قاضی عبدالقدیرخاموش

ہفتہ 5 ستمبر 2015 20:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء ) اسلامی یکجہتی کونسل کے چیرمین قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا ہے کہ یوم دفاع منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے سیاسی اور مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی اتحاد کا مظاہرہ کریں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سفارتی تعلقات کو بروئے کار لائیں۔ یوم دفاع کی مناسبت سے سول سوسائٹی کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب میں قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ کشمیر پر لیت و لعل سے کام لینے کی بجائے بھارت کو سخت پیغام دینے کی ضرورت ہے۔

بھارتی قیادت کی مکاری اور فریب کاری سے مزید دھوکہ کھانے کا وقت نہیں۔ عالمی برادری کو کشمیر کی طرف متوجہ کیا جائے۔ کشمیری آزادی کی خاطر بھارت کی طرف سے تمام پیش کشوں کو ٹھکرا کر پاکستانی پرچم لہر ا کر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے اور ظالم بھارت کو بتارہے ہیں کہ ا نہیں مزید غلامی قبول نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کا تقاضا ہے کہ عسکری اور سیاسی قیادت یک سو ہوکر قومی دفاع کے معاشی منصوبے بھی تشکیل دے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کے بدلتے حالات میں یوم دفاع تقاضا کرتا ہے کہ پاکستا ن اپنی خارجہ پالیسی پر بھی نظر ثانی کرے ، عالمی حالات کے تناظر میں کوئی ملک مستقل دوست اور دشمن نہیں ہوتا۔ ہمیں امت واحدہ کے طور پر اسلامی ممالک کے اتحاد کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے