تحریک انصاف نے این اے 122اور پی پی147کے مختلف علاقوں میں ڈورٹوڈورعوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیا

عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گھر گھر جا کر تحریک انصاف کے لیے ووٹ مانگنے کا سلسلہ شروع کر دیا

ہفتہ 5 ستمبر 2015 20:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) تحریک انصاف نے این اے 122اور پی پی147کے مختلف علاقوں میں ڈورٹوڈورعوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیا ہے۔عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ انفنڑی روڈ اور دھرم پورہ کے مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر تحریک انصاف کے لیے ووٹ مانگنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔اس موقع پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ 2003سے2007تک این اے 122اور پی پی 147کے علاقوں میں انہوں نے ریکارڈترقیاتی کام کروائے ،کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو اپنے ذاتی خرچ سے رجسٹریاں کرا کر ملبے کے پیسیے بھی دلوائے ،میاں میر ہسپتال تعمیر کروایا جسے نواز لیگ نے سیاسی مخالفت کی بنا پر ابھی تک فنکشنل نہیں کیا، لاہور شہر کا سب سے بڑا دھرم پورہ انڈرپاس بنوایا،جمیلہ آباد سیویج منصوبہ مکمل کرایااور علاقے کے سکولوں کی اپنی جیب سے تعمیر و اپ گریڈیشن کی اور تمام ترقیاتی کام بلا تفریق کروائے عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی نے مختلف علاقوں میں سابق ناظمین و نائب ناظمین اور کونسلر سے بھی ملاقات کی جنہوں نے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

مصطفے آباد میں عبدالعلیم خان ڈور ٹوڈور کنویسنگ کے دوران نواز لیگ کے دفتر میں بھی گئے اور وہاں موجود شہریوں سے خو شگوار جملوں کا تبادلہ ہوا اور دونوں طرف سے پارٹی کارکنوں نے بھی ایک دوسرے کے لیے دوستانہ جذبات کا اظہار کیا ۔تحریک انصاف کے رہنماؤں کا ڈور ٹوڈور مہم میں علاقے کے لوگوں نے شاندار استقبال کیا اور عمران خان کے حق میں زبر دست نعرے بازی کی جگہ جگہ خواتین نے بھی جوش و جزبے کا اظہار کیا ،نصرت کالونی انفینڑی اور مصطفے آباد کے علاقوں میں لوگوں نے کہا کہ انہیں آج بھی عبدالعلیم خان کی طرف سے کرایا گیا ترقیاتی و فلاحی کام یاد ہے اور وہ دبارہ انہیں ہی ووٹ دیں گے۔

مصطفے آباد میں مسلم لیگی عہدے دار تقی شاہ نے عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی سے ملاقات کی اور پی ٹی آئی کی حمائیت کا اعلان کیا ۔ دریں اثنا ء ریلو ے ورکرز یونین کے عہدے داروں کے 20رکنی وفد نے مرکزی صدر میاں خالد محمود کی قیادت میں عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی سے ملاقات کی اور اپنی تنظیم کی طرف سے 11اکتوبر کے ضمنی الیکشن میں مکمل حمائیت کا یقین دلایا ، ریلوے یونین کے عہدے داروں رانا سلیم خان ،میاں مستنصر جاوید،سخی خان ،ڈاکٹر محمد نذیرخان اور سنی خان نے کہا کہ ایاز صادق کو 22اگست کی پی ٹی آئی کی شکست کے بعد 26اگست کو ریلوے یونین میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا انہوں نے نواز لیگ کی طرف سے ریلوے کالونیوں کو نظر انداز کرنے پر بھی تنقید کی اور عبدالعلیم خان کے دور میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو یادگار قرار دیا عبدالعلیم خان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی ریلوے ورکرز کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :