المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں دفاع وطن ریلیوں کا اہتمام

لاہور میں پریس کلب تک بڑی ریلی نکالی گئی،طلباء میں دفاع پاکستان کے حوالہ سے زبردست جو ش و جذبہ دیکھنے میں آیا طلبا نے پاک فوج کے حق میں اور انڈیا کیخلاف شدید نعرے بازی کی ،فوج کے شانہ بشانہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں کھڑے ہونے کا عزم کیا

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے زیر اہتمام لاہور ،فیصل آباد ،راولپنڈی ،جہلم ،گجرات،ایبٹ آباد اوراوکاڑہ سمیت ملک بھر میں دفاع وطن ریلیوں کا اہتمام کیا گیاجن میں تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلباء نے شرکت کی۔ لاہور میں پریس کلب تک بڑی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر طلباء میں دفاع پاکستان کے حوالہ سے زبردست جو ش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔

طلبا نے پاک فوج کے حق میں اور انڈیا کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فوج کے شانہ بشانہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں کھڑے ہونے کا عزم کیا۔ ریلی میں شریک بچوں نے فوجی وردیاں پہنی ہوئی تھیں اور ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم لہرارہے تھے۔اس دوران بھارتی ترنگا بھی نذر آتش کیا گیا۔ لاہور میں پریس کلب کے باہر دفاع وطن ریلی سے المحمدیہ سٹوڈنٹس لاہور کے مسؤل عمر بن عبدالعزیز ، المحمدیہ روضہ سوسائٹی لاہور کے مسؤل عمار حنیف، محمد عثمان ڈوگر، عمر فاروق و دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

المحمدیہ سٹوڈنٹس لاہور کے مسؤل عمر بن عبدالعزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کسی وہم و گمان میں نہ رہے کہ پاکستان کے ساتھ کوئی شرارت کرسکتا ہے بلکہ پاک آرمی اور یہ طلبا دفاع وطن کے لئے ہر دم تیار ہیں اور اس کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ بھارت مختصر یا لمبی جنگ چھیڑے پاک فوج اور یہ طلبا ان کا حشر65ء سے بھی برا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت باز نہ آیا تو پاک فوج انہیں وہ سبق سکھائے گی کہ تاریخ یاد رکھے گی۔

المحمدیہ روضہ سوسائٹی لاہور کے مسؤل عمار حنیف نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے طلباء دفاع وطن میں اپنا کردار معوذ اور معاذ کے طور پر ادا کریں گے۔ ریلی میں لاہور کے مختلف سکولوں کے سینکڑوں طلبا نے شرکت کی۔ایک بچے نے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو خوب للکارا اور کہا کہ میں بڑا ہوکر بھارت سے بدلہ لوں گا۔ ریلی سے عمر فاروق، محمد عثمان اور سکول کے دیگر بچوں نے بھی خطاب کیا ۔

ریلی کے اختتام پر انڈیا کا پرچم بھی نذر آتش کیا گیا ۔المحمدیہ سٹوڈنٹس کی جانب سے فیصل آباد میں بھی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی کا آغاز الحمرا چوک سے ہوا جو پریس کلب جاکر اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے مسؤل محمد جنید نے کہا کہ بھارتی جارحیت اگرچہ تشویش ناک ہے لیکن بھارت کسی وہم و گماں میں نہ رہے کہ وہ پاکستان پر کوئی دباؤ ڈالنے میں کامیاب ہو جائے گا بلکہ اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔

فیصل آباد میں ریلی سے المحمدیہ سٹوڈنٹس فیصل آباد کے مسؤل وقار عظیم اور المحمدیہ روضہ سوسائٹی فیصل آباد کے مسؤل محمد طلحہ نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے دفاع وطن کے حوالے سے طلبا کے کردار کو نمایاں کیا۔المحمدیہ سٹوڈنٹس کی جانب سے راولپنڈی ،جہلم ،گجرات،ایبٹ آباد،اوکاڑہ اور دیگر کئی شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہزاروں طلبا نے شرکت کی اور دفاع وطن کا عزم کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :