پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا‘شہبازشریف

ستمبر1965ء کی جنگ میں پاک افواج نے پاکستان پر جارحیت کرنیوالے دشمن کو منہ توڑ جواب دیااور اسے پسپائی پر مجبور کیا پاک افواج نے دفاع وطن کی جنگ میں جرأت، شجاعت اوربہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں،قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے پاک افواج وطن عزیز کے استحکام کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری اور جرأت کی نئی تاریخ رقم کررہی ہیں،ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے زبردست وحدت اوراتحاد کا عملی ثبوت دیا،آج پھر اسی قومی اتحاد اورجذبے کی ضرورت ہے ‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا یوم دفاع کی گولڈن جوبلی کے موقع پر خصوصی پیغام

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:45

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ماہ ستمبر کو پاکستان کی تاریخ میں ایک خاص مقام حاصل ہے،ستمبر1965ء کی جنگ میں پاک افواج نے پاکستان پر جارحیت کرنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دیااور اسے پسپائی پر مجبور کیا، وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشار پاک فوج کے افسروں اورجوانوں نے دشمن کے دانت کھٹے کیے اوران کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا ،پاک افواج نے دفاع وطن کی جنگ میں جرأت، شجاعت اوربہادری کی ایسی لازوال داستانیں رقم کیں کہ تاریخ عالم اس کی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے ،آج بھی پاک افواج ایک بار پھر وطن عزیز کے استحکام اور ملک کی بقا کیلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری کی نئی تاریخ رقم کررہی ہیں ،ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کر کے اسے امن وسلامتی کا گہوارہ بنانے کیلئے افواج پاکستان کے افسران اورجوان بیش قیمت قربانیاں دے رہے ہیں جن کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یوم دفاع کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ستمبر1965ء کی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے ۔پاک افواج نے جنگ کے ہر محاذ پر جرأت اوربہادری کی ایسی شاندار مثالیں قائم کیں جورہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔دفاع وطن کی جنگ میں پاک افواج اورپوری قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی اوردشمن کی جارحیت کا پوری قوت سے منہ توڑ جواب دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے جس وحدت اوراتحاد کا عملی ثبوت دیاتھاآج پھر اسی قومی اتحاد اورجذبے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے ستمبر1965ء میں وطن کے دفاع کیلئے قربانیاں دیں اورآج پاک فوج کے افسران اورجوان ملک کی بقاء اوراستحکام کیلئے دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں بہادری اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کررہے ہیں ۔

پوری قوم کو پاکستان کی بہادر افواج پر فخر ہے اور وطن عزیز کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں اور آج کے دن 18 کروڑ عوام پاک دھرتی کے ان بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف آپریشن’’ ضرب عضب‘‘کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اوراس کامیاب آپریشن نے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور یکسو ہے ۔انشاء اﷲ قوم کے اتحاد کی قوت سے ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کریں گے اورپاکستان کوامن و امان کا گہوارہ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک پاکستانی قوم نے آزمائش کی ہر گھڑی میں استقامت کے ساتھ چیلنجوں کا مقابلہ کیا ہے- انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 1998 میں ملک کو باضابطہ ایٹمی قوت تسلیم کرایا ، پاکستان مسلم لیگ ن اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے جرات مندانہ اوردلیرانہ موقف کے باعث ایٹمی دھماکے کرکے ایک خود مختار پاکستان کی بنیاد رکھی جس کی طرف کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا- 6 ستمبر پاکستان سے وفا کے عزم کے اعادہ کا اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے- آئیے! آج ہم عہد کریں کہ بحیثیت قوم ہم متحد ہو کر اندرونی وبیرونی خطرات کو بھی اسی طرح شکست دیں گے جس طرح 1965 کی جنگ میں ہم نے محاذ جنگ پردشمن کو شکست دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قوم کو آج اسی اتحاد اور جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ اس نے ستمبر 1965ء کی جنگ کے دوران کیاتھا-انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 1998ء میں ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اوریہی جماعت وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط بنائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے استحکام کے لئے مل جل کر کام کرنے کا عہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں آج ا س بات کا بھی عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانے اور ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے ساتھ معاشی قوت بنانے کے لئے بھی اپنا خون پسینہ ایک کردیں گے۔