6ستمبریوم دفاع ’جذبہ دفاع پاکستان‘ کی وہ لازوال تاریخ ہے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء)6ستمبریوم دفاع ’’جذبہ دفاع پاکستان‘‘ کی وہ لازوال تاریخ ہے جب اپنے سے کئی گناہ طاقتور دشمن کوجذبہ حب الوطنی سے سرشارپاکستانی قوم اور پاک فوج کے جوانوں نے منہ توڑ جواب دے کر عبرتناک انجام سے دوچار کیا تھا جس پر ساری دنیا حیران تھی ۔پوری قوم اور پاک فوج کے جوانوں میں دفاع وطن کا جذبہ اس وقت کی قومی قیادت نے پیدا کیا تھا جب انہوں نے وطن عزیز پر جارحیت کرنے والے دشمن کو یہ کہہ کر للکارا تھا اے دشمن تجھے نہیں معلوم کس قوم کو تو نے ہے للکارا۔

عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عوام کا قومی قیادت پر اعتماد ہی دفاع وطن کی ضمانت ہے۔ دفاع وطن کیلئے لڑی جانے والی جنگوں میں جانوں کی قربانی دینے والے ہمارے ہیرو ہیں۔

(جاری ہے)

یوم دفاع کا تقاضہ ہے کہ موجودہ قیادت بھی شہریوں کے جان ، مال و عزت آبرو کیلئے اسی ذمہ داری کا اظہار کرے جو کہ 1965کی جنگ کے دوران اس وقت کی قومی قیادت نے کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر ہمیں یہ بات بھی نظرانداز نہیں کرنی چاہئے کہ اس قوم نے شاندار کامیابیوں کے ساتھ بے شمار دکھ بھی جھیلے ہیں جس میں سے ایک قوم کی بیٹی عافیہ کو چند ٹکوں کے عوض بیچنا اور پھر سازش کے تحت اسے پون صدی سے بھی زیادہ سزا دلوانا بھی شامل ہے جو آج بھی حکمرانوں کی جانب سے انصاف ، رہائی اور وطن واپسی کا انتظار کررہی ہے جس کا مداوہ موجودقومی قیادت کے ذمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پرعافیہ موومنٹ ’’کاروانِ غیرت‘‘ عافیہ رہائی ریلی، لیمارکیٹ لیاری کے ذریعے حب الوطنی کا اظہارکررہی ہے کہ جان و مال کی حفاظت کا حق ہر پاکستانی شہری کا قانونی اور آئینی حق ہے۔ قومی دفاع غیرت کے ساتھ مشروط ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ قوم کی بیٹی کی رہائی میں پاک فوج بھر پور کردار ادا کرے گی ۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے دعا کی کہ اﷲ پاک ہمارے پیارے وطن اور اس کے رکھوالوں کی حفاظت فرمائے۔