سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے تحت صوبے میں کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف دوسرے روز بھی بھوک ہڑتال

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے تحت صوبے میں کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف ہفتہ کو کراچی پریس کلب کے باہر دوسرے روز بھی بھوک ہڑتال جاری رہی ۔بھوک ہڑتالی کیمپ میں ایس یو پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید زین شاہ ،سینئر نائب صدر غلام شاہ ،کراچی کے صدر محبوب عباسی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید زین شاہ نے کہا کہ سندھ کا موجودہ بحران پیپلزپارٹی کی کرپشن کا نتیجہ ہے ۔

آصف علی زرداری نے جب سے پیپلزپارٹی کی قیادت سنبھالی ہے اس وقت سے پیپلزپارٹی کا منشور کرپشن میں تبدیل ہوگیا ہے ۔اس کے نتیجے میں سیاست جو خدمت کا ذریعہ تھی وہ فقط پیٹ کا ذریعہ بن گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیاست اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی نے سات سالہ دور میں کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ۔صوبے کا انتظامی اور انفرااسٹرکچر مکمل تباہ ہوگیا ہے ۔

پولیس تعلیم ،صحت آبپاشی اور دیگر محکموں میں کرپشن کی انتہاء کردی گئی ہے ۔اندورن سندھ میں امن و امان کی صورت حال بھی سخت خراب ہے اور لوگ بنیادی وسائل سے محروم ہیں جس کی ذمہ دار پیپلزپارٹی ہے ۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں کرپشن میں ملوث بڑی مچھلیوں کوگرفتار کیا جائے ۔کراچی آپریشن کو ہر صورت میں جاری رکھا جائے اور دہشت گردوں کو قلع قمع کیا جائے ۔پارٹی کے ترجمان ادریس چانڈیو کا کہنا ہے کہ بھوک ہڑتالی کیمپ میں اتوار کو پارٹی کے صدر جلال محمود شاہ شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :