Live Updates

عمران خان کی دھرنا سیاست سے ملک کو معاشی اور اقتصادی طورپر نقصان پہنچا ہے،محسن شاہنوا ز رانجھا

ملک میں دہشت گردوں کیلئے کوئی جائے پناہ نہیں ،الطاف حسین قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف تقریر کرنا بند کردیں،رہنما مسلم لیگ(ن)

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ عمران خان کی دھرنا سیاست سے ملک کو معاشی اور اقتصادی طورپر نقصان پہنچا ہے ۔عمران خان احتجاج اور دھرنوں کی بجائے جمہوری انداز میں پارلیمنٹ میں آکر اپنا کردار ادا کریں ۔ملک میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جائے پناہ نہیں ہے ۔

اگر الیکشن کمیشن کے ارکان نے استعفیٰ دیا تو یہ جمہوری اور انتخابی نظام کے لیے نقصان دہ ہوگا ۔الطاف حسین قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف تقریر کرنا بند کردیں تو کسی کو ان کی تقاریر پر اعتراض نہیں ہوگا ۔کراچی آپریشن کسی صورت بند نہیں ہوگا ۔کرپشن میں ملوث عناصر کا احتساب ہونا چاہیے ۔مسلم لیگ (ن) پر الزام لگانے والے پہلے اپنا احتساب خود کریں اور اپنی اپنی جماعتوں میں اصلاحات لائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں پارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر نہال ہاشمی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اسد عثمانی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ایم این اے محسن رانجھا نے کہا کہ عمران خان کی سیاست میں پختگی نہیں ہے ۔وہ روزانہ اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہیں جو ان کے لیے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے مستقبل کے لیے بھی نقصان دہ ہے ۔

ملک میں جمہوریت مضبوط ہورہی ہے ۔احتجاجی دھرنوں سے مسائل حل نہیں ہوتے ۔مسائل کے حل کا مرکز پارلیمنٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت ایک پلیٹ فارم پر متحدہے ۔آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور کراچی میں آپریشن ایم کیو ایم کے مطالبے پر شروع کیا گیا اور اسے تمام جماعتوں کی تائید حاصل ہے ۔

آپریشن میں کسی جماعت کو نشانہ نہیں بنایا جارہا ۔اگر آپریشن کے حوالے سے کسی کو کوئی شکایت ہے تو اس مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعہ نکالا جاسکتا ہے لیکن وفاقی حکومت آپریشن کسی صورت میں بند نہیں کرے گی ۔حکومت کا عزم کراچی اور ملک میں امن بحال کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں بھی جرائم پیشہ عناصر موجود ہوئے تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کسی کے خلاف انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی ۔اس طرح کے الزامات سے سیاسی ماحول میں کشیدگی پیدا ہوگی ۔مسائل کا حل بات چیت سے نکلتا ہے ۔ہماری پارٹی نے کبھی کرپشن کی سپورٹ نہیں کی ۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کررہی ہے ۔کرپشن کرنے والوں کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہیے ۔تمام جماعتوں کو ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

وزیراعظم نواز شریف کی کوشش ہوتی ہے کہ قومی ایشوز پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے جائیں یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے ۔اس موقع پر سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ تبدیلی نعروں سے نہیں آتی بلکہ عملی اقدامات سے آتی ہے ۔عمران خان اپنی اہلیہ سے تو استعفیٰ مانگ چکے ہیں اب وہ خود مستعفی ہوجائیں گے ۔

عمران خان کی سیاست عارضی ہے ۔اگر وہ واقعی سیاستدان بننا چاہتے ہیں تو پھر احتجاج کی بجائے پارلیمانی نظام کا راستہ اختیار کریں ۔یہی راستہ سیاسی رہنماؤں کے مستقبل کا ضامن ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور حصہ لے گی ۔انتخابی عوامی رابطہ مہم اور اتحاد کا فیصلہ پارٹی مشاورت سے جلد کیا جائے گا ۔اس موقع پر پاسبان کے رہنما شفیع محمد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات