گدھ ختم ہونے سے ماحولیاتی آلودگی اور بیماریاں بڑھ رہی ہیں، ورلڈ وائلڈ فنڈ

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء)دنیا بھر میں مردار خور پرندے گدھ کی نسل تیزی سے ختم ہونے کے باعث نہ صرف ماحولیاتی آلودگی اور بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ کئی مضر صحت کاروبار بھی زور پکڑ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور چڑیا گھر میں ورلڈ وائلڈ فنڈ کی جانب سے لگائے گئے آگاہی کیمپ میں لوگوں کو گدھ کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

چڑیا گھر آنے والے افراد اور بچوں کو انسانی زندگی میں گدھ کے فوائد کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان کی تعداد میں کمی واقع ہونے سے مردہ جانور تلف نہیں ہو پاتے جس کی وجہ سے بیماریاں اورماحول میں گندگی پیدا ہو رہی ہیں۔ورلڈ وائلڈ کے نمائندگان نے لوگوں کو گدھوں کی افزائش کے حوالے سے اہم معلومات دیں کہ کس طرح دنیا بھر میں ان کی کمی کے باعث مردہ جانوروں کو مختلف گھناونے کاروبار میں استعمال کیا جا رہا ہے۔گدھ کی نسل بچانے کے لیے فلاحی اداروں کو آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر چڑیا گھر آنے والے بچوں کے چہروں پر گدھ کی پینٹنگز بنا کر اس کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔