ایلان کردی کی موت دنیائے عالم کے حکمرانوں کی ہٹ دھرمی ،اناپرستی اورانسان دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے،غنویٰ بھٹو

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی ( شہید بھٹو ) کی چیئرپرسن محترمہ غنویٰ بھٹونے کہا ہے کہ ایلان کردی کی موت اسلام کے نام پر انسانیت کو قتل کرنے والے دہشتگردوں اور دنیائے عالم کے حکمرانوں کی ہٹ دھرمی ،اناپرستی اورانسان دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے اوریورپی ممالک سمیت تمام بین الاقوامی برادری کا ضمیرجھنجھوڑنے کیلئے معصوم ایلان کردی کی لاش ایک چیلنج ہے لیکن بہتر ہوتا کہ اقوام متحدہ، یورپین یونین سمیت تمام بین الاقوامی ادارے مسئلے کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے شامی پناہ گزینوں کے مسئلے کا بروقت حل تلاش کر تے تو ایلان کردی سمیت ہزاروں بچوں ،عورتوں اور بوڑہوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچایا جاسکتا تھا ․ سترکلفٹن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اقوام متحدہ کی جانب سے یورپین یونین کو شامی پناہ گزینوں کو جگہ فراہم کرنے کے احکامات جاری کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے محترمہ غنویٰ بھٹو نے مزید کہا کہ امریکی جارحیت اور غیر قانونی مداخلت کے بعدپیدا ہونے والے بحران کے بعد مشرق وسطیٰ کی ابتر صورتحال کے پیش نذر یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ امریکا اور ان کے اتحادیوں کی بے جا مداخلت اور اپنی پسندکے حکمرانوں کو مسند اقتدار پر فائض کرنے سے وہاں پر قتل عام شروع ہوچکا ہے جو ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتا اوروہاں انسانیت خطرے میں پڑ گئی ہے جس پرمذکورہ سامراجی قوتوں کو دنیا کے مظلوموں سے معافی مانگتے ہوئے آئندہ کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا اعلان کرنا چاہئے ورنہ وہ دن دور نہیں جب مذکورہ قوتیں اپنے پیدا کردہ بحران کے خود زد میں آجائیں․ محترمہ غنویٰ بھٹو نے تمام بین الاقوامی برادری پر زور دیاہے کہ مشرق وسطیٰ کے مسئلے کے پر امن حل کیلئے مذہبی بنیاد پرست تنظیموں کے حامی ممالک اور افراد کی بیخ کنی کرتے ہوئے قیام امن کیلئے سنجیدہ اور ٹھوس حکمت عملی اپنائیں۔