پاکستانی قوم 6 ستمبر 1965ء میں ہندوستان کی جارحیت کا دنداں شکن جواب دینے پر پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے‘ منظور احمد وٹو

قوم اب بھی پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے ،اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی حماقت کی تو اس کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جس سے اس کی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی‘ صدر پیپلز پارٹی پنجاب

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) صدر پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے یوم دفاع کے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم پاک فوج کو 6 ستمبر 1965؁ء میں ہندوستان کی جارحیت کا دنداں شکن جواب دینے پر سلام پیش کرتی ہے،قوم اب بھی پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی حماقت کی تو اس کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جس سے اس کی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ’’ قوم مادر وطن کا 6 ستمبر 1965؁ء کو کامیابی سے دفاع کرنے پر پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاک فوج نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستانی سرحدوں کی حفاظت کی اور دشمن کو لاہور میں داخل نہیں ہونے دیا۔ اسکے باوجود کہ دشمن کی فوج کی تعداد پاکستانی فوج سے کئی گُنا بڑی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ایئرفورس نے دشمن کے کئی جہازوں کو تباہ کر کے فضاؤں پر اپنی برتری قائم رکھی تھی۔

آج پاکستانی قوم ملک کا دفاع کرنے میں اور بھی زیادہ پرعزم اور پراعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان نیوکلیئر پاور ہونے کے ساتھ ساتھ جدید میزائل کے ڈلیوری سسٹم سے لیس ہے جس سے دشمن کے کسی بھی علاقے کو ٹھیک ٹھیک نشانے پر لیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی قوم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی انتہائی شکرگزار ہے جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اب اندرونی خطرات سے دو چار ہے کیونکہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی نے ملک کی سا لمیت کے لیے خطرات پیدا کر دیئے ہیں لیکن قوم نے پاکستان نیشنل ایکشن پلان اور ’’ضرب عضب‘‘ کے تحت اس لعنت کو شکست دینے کا فیصلہ کر رکھا ہے اور آج ان دہشتگردوں کے لیے پاکستان کی زمین تنگ ہو گئی ہے کیونکہ ان کا انفراسٹرکچر تباہ کر دیا گیا ہے۔

میاں منظور وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شروع دن ہی سے دہشتگردوں کو طاقت کے ذریعے شکست دینے کے حق میں تھے کیونکہ یہ کوئی اور زبان سمجھنے سے قاصر ہیں۔ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان حقیقت میں انکے موقف کی بھرپور تائید ہے۔ نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عضب کو تمام قوم کی حمایت حاصل ہے اس لیے دشمن کی شکست ناگزیر ہے اور فتح قوم کا مقدر ہے۔