ہمیں آج 6ستمبر 1965 کا جذبہ اپنے اندر پیدا کرنا چاہیے ،آصف علی زرداری

پاکستانی عوام کو متحد ہونے پر ،فوج کو وطن عزیز کا بہادری اور جانفشانی سے دفاع کرنے پر سلام پیش کرتے ہیں،شریک چیئرمین پیپلزپارٹی

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے یوم دفاع پاکستان 6ستمبر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں آج 6ستمبر 1965 کا جذبہ اپنے اندر پیدا کرنا چاہیے تاکہ ہم اپنے حقیقی دشمن دہشت گردوں اور انتہا پسندوں سے کامیابی کے ساتھ نبردآزما ہو سکیں۔ یومِ دفاع کا جذبہ یہ تھا کہ پوری قوم متحد تھی جس سے فوج کو بھی حوصلہ ملا اور وہ دشمن کے مقابلے میں بہادری کے جوہر دکھا سکی اور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی۔

آج ہمیں اس جذبہ کی ضرورت ہے تاکہ ہم متحدہوکر اپنے وطن کو درپیش خطرات سے نمٹ سکیں۔ آج کے دن ہم اپنے پاکستانی عوام کو متحد ہونے پر اور فوج کو وطن عزیز کا بہادری اور جانفشانی سے دفاع کرنے پر سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم آج کے دن ان شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ وطن کے دفاع کے لئے پیش کر دیا۔ آئیں آج کے دن ہم عہد کریں کہ پاکستان کو ایک معتدل جمہوری، برداشت کرنے والا اور امن پسند ملک بنائیں گے جہاں سیاسی انتخاب ووٹ کی پرچی سے ہوگا نہ کہ طاقت سے۔

آج ہم اپنے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم آزاد زندگی گزارنے کے قابل ہوئے ہیں۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان زندہ باد

متعلقہ عنوان :