کنٹرول لائن پر جارحیت کرنے والا بھارت یاد رکھے پاکستانی قوم میں 65ء کا جذبہ آج بھی زندہ ہے‘ حافظ محمد سعید

18کروڑ عوام اپنے ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں،6ستمبر بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستانیوں کی عزم وہمت کا نشان ہے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ پکڑے جارہے ہیں‘بھارتی سازشیں بے نقاب ہورہی ہیں اور ملک میں امن وامان قائم ہورہا ہے، بلوچستان کوعلیحدہ کرنے کی بھارتی سازشیں بے نقاب ہوچکیں‘بھارت پروپیگنڈہ کرکے دنیا کی توجہ اس طرف سے ہٹانے کی کوشش میں ہے‘ امیر جماعۃ الدعوۃ کا دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) جماعۃ الدعوۃپاکستان کے امیرپروفیسرحافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر جارحیت کرنے والا بھارت یاد رکھے کہ پاکستانی قوم میں 65ء کا جذبہ آج بھی زندہ ہے،18کروڑ عوام اپنے ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں،6ستمبر بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانیوں کی عزم وہمت کا نشان ہے،آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ پکڑے جارہے ہیں‘بھارتی سازشیں بے نقاب ہورہی ہیں اور ملک میں امن وامان قائم ہورہا ہے، بلوچستان کوعلیحدہ کرنے کی بھارتی سازشیں بے نقاب ہوچکیں‘بھارت پروپیگنڈہ کرکے دنیا کی توجہ اس طرف سے ہٹانے کی کوشش میں ہے۔

وہ مرکز خیبر فیصل آباد میں دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرجماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اﷲ خالد، جماعۃ الدعوۃ فیصل آبادکے مسؤل فیاض احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں جماعۃ الدعوۃ کے کارکنان و ذمہ داران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہاکہ جماعۃ الدعوۃانسانیت کی فلاح وبہبودپریقین رکھتی ہے ۔

پاکستان میں کسی بھی قدرتی حادثے میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کاکردار دنیا کے سامنے ہے ۔ عیدالاضحی پر چترال، بلوچستان، سندھ اور کشمیر سمیت ملک بھر میں کروڑوں روپے مالیت کے جانور قربان کئے جائیں گے۔اب بھی فلاح انسانیت کے کارکنان سکردو،لیہ ،چترال،سکھر سمیت سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انڈیا پاکستان سے محدود جنگ کے لئے پرتول رہا ہے ۔

بھارتی فلمیں پاکستان کے خلاف سازشوں میں اہم کردار ادا کررہی ہیں ۔ قوم بھارتی ثقافت مسلط کرنے کی کوئی سازش ان شاء اﷲ کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج ہرروز کشمیریوں پر بدترین تشدداور مسلم خواتین کی عزتیں پامال کر رہی ہے ۔دنیاکو کشمیریوں پر ہونے والا بھارتی ظلم وستم دیکھنا چاہیے اورمظلوم کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے ۔

مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانا ظاہر کرتا ہے کہ کشمیری بھارت کے ناجائز تسلط کو برداشت نہیں کرتے۔ کشمیری کل بھی ہمارے ساتھ تھے، ان کے دل آج بھی پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں۔ دنیا جان چکی ہے کہ کشمیری بھارت کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے، لیکن عالمی برادری پھر بھی خاموش ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ حکمت کے ساتھ دعوت میں ہی اﷲ نے خیر رکھی ہے۔

لسانیت، قوم پرستی اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے جاری جدوجہد سے اتحاد امت کا راستہ ہموار ہورہا ہے۔ کارکنان دعوت اور خدمت کی بنیاد پر ملک سے بدامنی کے خاتمہ کے لیے مضبوط کردار ادا کریں۔ دعوت کا طریقہ انبیاء کا ہے، ہمارے شب و روز بھی عین منہج نبوی کے مطابق ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتیں اسلام و پاکستان کے خلاف سازشیں کررہی ہیں اورجھوٹے و بے بنیاد پروپیگنڈے عروج پر ہیں ۔ بھارت کی طرف سے بنائی جانے والی پاکستان مخالف فلموں میں ممبئی حملوں کے الزامات لگا کر وطن عزیز کو نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن دنیا بھارت کے دہشت گردانہ کردار سے آگاہ ہوچکی ہے۔ اس کا یہ جھوٹا پروپیگنڈا ان شاء اﷲ کسی کام نہیں آئے گا۔