6ستمبر تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم دفاع وطن کی خاطر سر دھڑ کی بازی لگادیں گے،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ6ستمبر راہ حق کے شہیدوں کو خراج عقیدت اور دفاع وطن کی خاطر سب کچھ قربان کرنے کے عہد کا دن ہے ۔پاک فوج نے پہلے بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور آئندہ بھی دفاع وطن کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوکردشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گی۔

انہوں نے یومِ دفاع وطن پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کے امیدوں کی کرن اور یہ قائم ہونے کیلئے بنا ہے اور انشاء اﷲ قائم رہے گا۔آج پوری قوم کے تجدید عہد کا دن ہے کہ جب کبھی کوئی دشمن اس پاک سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو ہم دفاع وطن کی خاطر پاک فوج کے شانہ بشانہ جدوجہد اور اپنے سر دھڑ کی بازی لگادیں گے۔

(جاری ہے)

مودی سرکار کشمیر میں جاری آزادی کی جدوجہد سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے جس کی وجہ سے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت معمول بن گیا ہے حتیٰ کہ سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کشمیر کی آزادی کی تحریک ایک دن ضرور رنگ لائے گی کیونکہ کشمیری عوام نہ صرف اپنی آزادی بلکہ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں۔ اسلئے توبانیء پاکستان قائد اعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی ’’شہ رگ‘‘قرار دیا تھا،شہ رگ کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ صوبائی امیر نے کہاکہ پوری قوم کو6ستمبر1965؁کی جنگ کے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے کہ جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دفاع وطن کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کردیا ،آج حب الوطنی کے اسی جذبہ کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔

دریں اثناء جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر کی طرح باب الاسلام سندھ میں بھی یوم دفاع پاکستان انتہائی جوش و جذبے اور اس عزم کے ساتھ منایاجائے گا کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔عالمی برادری کو بھی چاہئے کہ وہ خطے میں امن کو یقینی بنانے کیلئے بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے۔