سکھر، عبدالحفیظ پیرزادہ کو جئے شاہ قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا

نماز جنازہ میں سید قائم علی شاہ، سید خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، غلام مصطفی کھر سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:07

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) 1973کے آئین کے مصنف ،ماہر قانون دان اور سابق وفاقی وزیر قانون عبدالحفیظ پیرزادہ کو ہفتہ کو درگاہ جئے شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔قبل ازیں ان کی نماز جنازہ پرانا سکھر میں ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ،سابق گورنر پنجاب اور سینئر سیاستدان غلام مصطفی کھر ،پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی ،جہانگیر ترین ، اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ سمیت سیاسی ،سماجی شخصیات ،وکلاء ،ججز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھے ۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ عبدالحفیظ پیر زادہ وکالت اور سیاست میں ذہین قانون دان اور محترک سیاستدان تھے۔ حفیظ پیرزادہ کا 1973کا آئین بنانے میں بڑا حصہ ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے حفیظ پیر زادہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عبدالحفیظ پیرزادہ پاکستان اور سندھ کا بہت بڑا نام تھا۔ انہوں نے جمہوریت اور پاکستان کی بہت خدمت کی۔