ہم دشمن کے ہر وار کا دلیری سے مقابلہ کرینگے ‘ وزیر اعظم نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کا دفاع مضبوط بنایا

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ کا نوجوانوں سے خطاب

ہفتہ 5 ستمبر 2015 17:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ ہم دشمن کے ہر وار کا دلیری سے مقابلہ کریں گے ،وزیر اعظم محمد نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کا دفاع مضبوط بنایا ، ہم لوگ خوش قسمت ہیں کہ ایک آزاد ملک میں پیدا ہوئے ۔ نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے ۔

نئی نسل مطالعہ کی عادت اپنائے اور تاریخ کا مطالعہ ضرور کرے ۔قائداعظمؒ نے اس برصغیر کا جغرافیہ بدل کر رکھ دیا کیونکہ انہیں پوری تاریخ کا علم تھا۔

(جاری ہے)

مسلمانوں نے اس برصغیر پر تقریباً ایک ہزار سال تک حکمرانی کی پھر انگریز یہاں آئے اور حکمران بن گئے۔انگریزاور ہندو مسلمانوں کو ایک الگ قوم ماننے پر تیار نہیں تھے ،قائداعظمؒ نے کہا مسلمان ہر لحاظ سے ہندوؤں سے الگ قوم ہیں ۔

قیام پاکستان سے قبل مسلمانوں کی حالت بہت پسماندہ تھی ،ہندو مسلمانوں کو ناپاک سمجھتے تھے اور انہیں اپنی کھانے پینے کی اشیاء کے قریب تک نہ آنے دیتے ۔ یہی دوقومی نظریہ ہے جس کی بنیاد پر ایک تحریک چلی اور14اگست1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آگیا۔آپ اس نظریے کی ترویج و اشاعت کریں اور ملکی تعمیروترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔