’’فرینڈز آف ہڑپہ‘‘: ہڑپہ تہذیب سے دلچسپی رکھنے والوں کا گروپ تشکیل

ہڑپہ تہذیب کی پہچان کے لئے یونیورسٹی سطح کے طلباء وطالبات میں سلوگن اور لوگو کی تیاری کامقابلہ کرانے کا فیصلہ پراجیکٹ کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا جائے‘ویب سائٹ،فیس بک اور ڈاکو منٹری تیاری کے مراحل میں ہے‘وزیر تعلیم رانا مشہود

ہفتہ 5 ستمبر 2015 17:15

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) ہڑپہ کی قدیم ترین ثقافت اور آثار قدیمہ سے دلچسپی رکھنے والے طلبا ،محقیقین،تاریخ دانوں اور ماہرین آثار قدیمہ پر مشتمل’’ فرینڈز آف ہڑپہ‘‘کے نام سے گروپ تشکیل دیا جارہا ہے، ہڑپہ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے اس حوالے سے پرکشش سلوگن اور لوگو کی تیاری کے لئے یونیورسٹی کی سطح پر طلبا وطالبات میں مقابلہ منعقد کروایا جائے گا تاکہ نئی نسل کو اپنی خطے کی تاریخی وثقافتی حیثیت کا اندازہ ہو سکے،عالمی محقیقین کے لئے پاکستان کے علاقے میں ہڑپہ کی اہمیت موہنجوداڑو اور ٹیکسلا سے بھی زیادہ ہے،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام سیٹس کے ادارے سے مل کر محکمہ آرکیالوجی کی معاونت سے ہڑپہ کے صدیوں سے فراموش شدہ عظیم ثقافتی ورثے کو دکھانے کے لئے پوری دنیا کے سیاحوں کے لئے ہڑپہ کے در وا کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرتعلیم و آرکیالوجی رانا مشہود احمد خاں نے آج لاہور میوزیم میں ہڑپہ کے آثار قدیمہ کی حفاظت اور بحالی کے منصوبے کے بارے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر ملک ندیم کامران کے علاوہ آرکیالوجی ،لاہور میوزیم اور کام سیٹس کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ ہڑپہ کی تہدیب وثقافت کو پوری دنیا میں متعارف کروانے اور عالمی سطح پر سیاحوں اور تاریخ وثقافت سے دلچسپی رکھنے والے لوگوں اور طلبا وطالبات کی توجہ اور دلچسپی ہڑپہ پر مرکوز کرنے کے لئے سری لنکا ،مصر اور سپین کی طرز پر ٹورزام ماڈلز سے استفادہ کیا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر نے آرکیالوجی کے حکام کو ہدایت کی کہ ہڑپہ پراجیکٹ کے لئے فوری طور پر ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے۔ہڑپہ کے بارے میں اردو اور انگلش دونوں زبانوں میں ڈاکو منٹری بنانے کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے۔اجلاس میں ہڑپہ کے بارے میں فیس بک پر پیج بنانے اور اس کی ویب سائٹ لانچ کرنے کے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔