بزدل دشمن پاکستانی افواج کی شجاعت اور بہادری کا مقابلہ نہیں کر سکتا ‘ ملک کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہو گی‘ترجمان پی ٹی آئی پنجاب جمشید اقبال چیمہ کا بیان

ہفتہ 5 ستمبر 2015 17:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ آج یوم دفاع پاکستان پر پوری قوم اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ملک کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہو گی ، بزدل دشمن پاکستانی افواج کی شجاعت اور بہادری کا مقابلہ نہیں کر سکتا اور وہ اس سے پیشگی آگاہ ہے،حکمران بھارت کے سامنے بزدلی نہ دکھائیں بلکہ اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں ۔

(جاری ہے)

یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد مضبوط پاکستان اور یکجا قوم ہے اور آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں پی ٹی آئی کا ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم مثبت طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سرحدوں پر اشتعال انگیزی کر کے مضبوط جذبوں اور ارادوں کی مالک پاکستانی قوم پر سبقت نہیں لیجا سکتا اور اسے ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا ہی کرنا پڑے گا ۔ پاکستانی افواج اور قوم کے جذبے 6ستمبر 1965کی طرح آج بھی جواں ہیں اور بھارت بھی اس سے بخوبی آگاہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران ملکی وقار کو پیش نظر رکھیں اور ازلی دشمن بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں ۔