پاکستان کوبھارتی عزائم کیخلاف6ستمبر1965والے جذبے کی پھر سے ضرورت ہے‘بھارت اقتصادری راہداری منصوبہ ناکام بنانے کیلئے جارحانہ رویہ اختیارکئے ہوئے ہے‘پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہوا اور رہتی دنیا تک قائم رہے گا

جماعت اسلامی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرڈاکٹر وسیم اختراور راؤ ظفر اقبال کا مشترکہ بیان

ہفتہ 5 ستمبر 2015 17:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور قائمقام سیکرٹری جنرل راؤ ظفر اقبال نے کہاہے کہ حکومت اور عسکری قیادت کی جانب سے بھارت کے جارحانہ عزائم کامنہ توڑجواب دینے کابیان خوش آئند ہے۔وزیر اعظم اور آرمی چیف نے20کروڑپاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی ہی نہیں کی بلکہ ہندوستان کوآئینہ بھی دکھایاہے۔

ملک وقوم کو بھارتی عزائم کے خلاف ایک مرتبہ پھر سے 1965سے والاجذبہ چاہئے۔ انڈیا6ستمبر1965کے زخم کبھی نہیں بھول سکتا جب ہماری بہادر افواج نے دشمن کے تمام منصوبے خاک میں ملادیئے تھے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے اگر اب بھی کوئی شرارت کی تو ماضی سے زیادہ گہرے زخم کھائے گا۔مودی سرکار کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

(جاری ہے)

ضرورت پڑنے پر پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔

مقبوضہ کشمیر میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی پرچم لہرانااس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کشمیری قوم صرف اور صرف پاکستان سے الحاق چاہتی ہے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس سے کسی بھی صورت میں دستبردار نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کوہماری آزادی اور خوشحالی برداشت نہیں اس لئے وہ پاکستان کونقصان پہنچانے کاکوئی بھی موقع خالی ہاتھ جانے نہیں دیتا۔

اقتصادی راہداری کی صورت میں پاکستان میں ہونے والی اتنی بڑی سرمایہ کاری مودی حکومت کی نظروں میں کھٹکتی ہے جسے وہ ہرحال میں ناکام بنانا چاہتی ہے۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ ہندوستان سے اس وقت تک ہر قسم کے تعلقات منقطع کیے جائیں جب تک وہ کشمیر سے اپنی7لاکھ فوج واپس بلانے کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں مداخلت ختم،آبی جارحیت کاخاتمہ اور’’را‘‘کے ذریعے پاکستان میں افراتفری اور انتشار پھیلانے سے باز نہیں آجاتا۔

پاکستان کوایک سوچی سمجھی سازش کے تحت میدان جنگ بنایاجارہا ہے۔پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت سمیت پوری قوم اس سازش کوناکام بنانے کیلئے ایک پیج پر کھڑے ہیں۔پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہوا اورانشاء اﷲ رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ہم وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جانیں دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔تمام سیاسی اختلافات پس پشت ڈال کر نظریہ پاکستان اور سرحدوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ملک میں کی سلامتی پر کسی قسم کاکوئی سمجھوتا نہیں کیاجائے گا۔