کوئی بھی محب وطن پاکستانی ملک کی جڑوں کو اخلاقی ومعاشی طور پر کھوکھلا کرنیوالے کرپشن کے ناسور کی حمابت نہیں کر سکتا‘ راجہ اشفاق سرور

ہفتہ 5 ستمبر 2015 16:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی کسی بھی سطح پرعرصہ دراز سے ملک کی جڑوں کو اخلاقی ومعاشی طور پر کھوکھلا کرنے والے کرپشن کے ناسور کی حمابت نہیں کر سکتا،بعض قومی اخبارات میں کرپشن کے حوالے سے ان سے منسوب جملوں کی اشاعت پر اپناموقف بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک ذمہ دار پاکستانی شہری اور دیرینہ سیاسی کارکن ہونے کی حیثیت سے انہوں نے ہر سطح پر اورہمیشہ کرپشن کی مذمت کی ہے جبکہ گزشتہ روز سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کے منہ سے ”سہواً“ جملہ ادا ہو گیاتھا جس کوسیاق وسباق سے ہٹ کر شائع کر دیا گیا جبکہ زبان کی لغزش کو اس طرح اچھالنے کی بجائے نظر انداز کیا جانا مثبت رد عمل ہوتا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے آگے جوابدہ ہونا ہے اور ہم اپنے ملک سے کرپشن کے ناسور کا خاتمہ کئے بغیر عالمی طور پر ملک کی سربلندی کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ روز اول سے حکومت پاکستان کی طرف سے ملک بھر میں کرپشن کے خاتمے کے لئے شروع کی گئی مہم اور قومی اداروں کی طرف سے ملک میں ہر سطح پر بدعنوان عناصر کی بیخ کنی کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

راجہ اشفاق سرور نے مزید کہا کہ میڈیا ہمارے معاشرے کا اہم ستون ہے جو رائے عامہ تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے لہذا اس حوالے سے میڈیا کو چاہیے کہ وہ نان ایشوزکی بجائے ملک وقوم کی ترقی کے لئے مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیں اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے کرپشن کے خاتمے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو مدنظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لئے شفاف نظام حکومت کے ذریعے جمہوریت کے ثمرات عام آدمی تک پہنچے ہیں یہی وجہ ہے کہ صوبہ پنجاب میں گڈ گورننس پر مبنی طرز حکومت کی دیگر صوبے پیروی کرنے پر مجبور ہیں۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وہ کرپشن کے خاتمے کے لئے موجودہ حکومت کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں اور اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں کیونکہ یہی ہماری حکومت کی پالیسی بھی ہے اور منشور بھی۔

متعلقہ عنوان :