ملک بھرکے تمام ایوان صنعت وتجارت میں سالانہ انتخابات کیلئے انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی ، انتخابات رواں ماہ ہونگے ، ہر چیمبر میں صاف شفاف اورمنصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے تین رکنی الیکشن کمیشن کی تشکیل

ہفتہ 5 ستمبر 2015 16:03

لاہور ۔ 5 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) ملک بھرکے تمام ایوان صنعت وتجارت میں سالانہ انتخابات کیلئے انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی ہے، انتخابات رواں ماہ ہونگے جس کیلئے صدر، سینئر نائب صدر، نائب صدراور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے ، ان کی جانچ پڑتال اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کا عمل پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے ، ہر چیمبر میں تین رکنی الیکشن کمیشن صاف شفاف اورمنصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔

کراچی ، لاہور ،اسلام آباد ، فیصل آباد، حیدرآباد، سیالکوٹ ، کوئٹہ اور پشاورمیں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے ۔کراچی اور لاہور میں اپنے ماضی کے تجربہ کو مد نظررکھتے ہوئے آزاد گروپوں نے الحاق کرلیا ہے تاہم اس سے 15 سال سے قائم طاقت وراتحاد دی فاؤنڈر اورپیاف کیلئے یہ الحاق پریشانی کا باعث نہیں بن سکتا۔

(جاری ہے)

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر جو کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن انچیف بھی ہیں ، نے ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

05 ستمبر۔2015ء“کو بتایا کہ جمہوری انداز میں مشاورت کے ذریعہ قابل خصوصاً تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سامنے لایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کے سینئرتاجر رہنماؤں پرمشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے چیئرمین یو بی جی افتخارعلی ملک کی زیرصدارت کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے تمام امیدواروں کے انٹرویوکئے جس میں ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قومی ترقی میں ان کے کردار کو مد نظررکھا گیا۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر محمد ادریس نے دعویٰ کیا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ جمہوری اقدار پر قوی یقین رکھتا ہے اور گروپ انتخابات میں کلین سویپ کرے گا۔یو بی جی کے جنرل سیکرٹری زبیر طفیل نے کہا کہ ہم نے لاہور، اوکاڑہ ، ساہیوال ، وہاڑی ، خانیوال، ملتان ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، مردان اور پشاور کے ایوان صنعت وتجارت کا دورہ کیا ہے اورلاڑکانہ، حیدرآباد، سکھر،کراچی اوربلوچستان کے ایوان صنعت وتجارت کا دورہ اس مہینے کے دوسرے ہفتے میں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :