ملک بھر میں 50 واں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا جائے گا

ہفتہ 5 ستمبر 2015 11:48

ملک بھر میں 50 واں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا ..

اسلام آباد /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) ملک بھر میں 50 واں یوم دفاع پاکستان کل 6 ستمبرکو ملی جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا جائے گا ،شہداء کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جائیگی ، مساجد میں بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیاجائیگا ۔تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے سلسلہ میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں میں چھوٹی ، بڑی سادہ مگر پر وقار تقاریب کا اہتمام کیاجائیگا اور ہلال پاکستان لہرانے سمیت 6 ستمبر 1965ء کی جنگ میں جام شہادت نوش اور دفاع وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سمیت نشان حیدر پانے والے شہداء افواج پاکستان کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی کی جائیگی۔

اس موقع پر مختلف شہروں میں قرآن خوانی کی تقاریب کا بھی اہتمام کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا پیغام پڑھ کر سنایا جائیگا۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت ، غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ ملک کی سلامتی ، دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے ،عوامی خوشحالی ، قومی فلاح کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔

اس موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات رونما ہوں گی جہاں اہم حکومتی ، سیاسی شخصیات کے علاوہ گیریژن کمانڈرز اور اعلیٰ فوجی حکام حاضری دیں گے، پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔

اس سلسلے میں رینجرز ہیڈکوارٹرز میں بھی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی اور ان پاکستانی افواج کے جوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کیا جائیگاجنہوں نے قوم کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے جرات و بہادری سے پاکستان کی بقاء کیلئے اپنی جانیں قربان کیں ۔ یوم دفاع کے موقع پر میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)، میجر عزیزبھٹی شہید ( نشان حیدر) سمیت دیگر شہدائے افواج پاکستان کی آخری آرام گاہوں پر بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا اور پھولوں کی چادریں چڑھاتے ہوئے فاتحہ خوانی کی جائیگی۔

اسی نوعیت کی دیگر تقریبات جنگ ستمبر کی یاد میں تعمیر کی گئی یادگاروں پر بھی منعقد کی جائیں گی جن میں پاک فوج کے افسران و جوانوں کے علاوہ سکولز و کالجز کے طلباء و طالبات اور دیگر شہری بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :