سکیورٹی فورسز نے یوم دفاع کے موقع پرکوئٹہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا

ہفتہ 5 ستمبر 2015 11:47

راولپنڈی/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر یوم دفاع کے موقع پرکوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا تے ہوئے ”را“ سے روابط رکھنے والے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا‘ ملزم کے قبضہ سے ریموٹ کنٹرول بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے نصب کی گئی ایک بارودی سرنگ ناکارہ بنا دی- ملزم دو مواقع پر پہلے بھی دھماکے کر کے متعدد افراد کی جانیں لے چکا ہے-ہفتہ کو آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے یوم دفاع کے موقع پرکوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا-سکیورٹی فورسز کو خفیہ ذرائع سے اطلاعات ملی تھیں کہ 6 ستمبر کو یوم دفاع کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا جس کے قبضے سے چھ کلو گرام وزنی ریموٹ کنٹرول بم‘ دھماکہ خیز مواد ‘ مارٹر بم اور نٹ بولڈ برآمد ہوئے ہیں جبکہ گرفتار ہونے والے دہشت گرد نے ایک بارودی سرنگ پہلے ہی نصب کرلی تھی جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا-گرفتار دہشت گرد نے بھارتی خفیہ ایجنسی ” را“ کے ساتھ اپنے رابطوں کا اعتراف کر لیا ہے-اس نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں وہ دہشت گردی کی غرض سے دو مواقع پر بارودی سرنگیں نصب کر چکا ہے جس کے نتیجہ میں متعدد لوگ جاں بحق ہوئے-