یوم دفاع پر دہشتگردی کامنصوبہ ناکام ، بھارتی خفیہ ادارے را کا ایجنٹ گرفتار، دھماکہ خیز مواد برآمد

ہفتہ 5 ستمبر 2015 11:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء ) سیکیورٹی فورسز نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دہشت گرد کو گرفتار کرکے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا ۔پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن میں دہشت گرد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے دیسی ساختہ بم، 6 کلو دھماکہ خیز مواد اور نٹ بولٹس برآمد کیے گئے ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران پہلے سے نصب کیا گیا ریموٹ کنٹرول مواد بھی ناکارہ بنادیا۔ابتدائی تفتیش میں مبینہ دہشت گرد نے بھارت کے خفیہ ادارے 'را' کے ساتھ روابط کا اعتراف کرلیا ۔گرفتار کیے گئے دہشت گرد نے ماضی میں کوئٹہ میں 2 مرتبہ دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کا بھی اعتراف کیا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں معصوم جانیں ضائع ہوئی تھیں۔یاد رہے کہ اتوار 6 ستمبر کو 1965ء کی جنگ کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں جنگ کے شہداء و خراج تحسین پیش کیا جائے گا، اس موقع پر صبح ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :