6ستمبر کو” پاکستان میں تجھ پہ قربان “مہم چلائیں گے‘ صدر شباب ملی پاکستان

امن ہماری خواہش ضرور مگر اسے کمزوری نہ سمجھا جائے،حکومت کی بزدلانہ پالیسی کی وجہ سے مودی حکومت کی جارحیت بڑھتی جارہی ہے،زبیر احمد گوندل کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 4 ستمبر 2015 23:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) بھارت بزدل دشمن ہے اس سے اسی کی زبان میں بات کرنا ہو گی۔ امن ہماری خواہش ضرور مگر اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔حکومت کی بزدلانہ پالیسی کی وجہ سے مودی حکومت کی جارحیت بڑھتی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر شباب ملی پاکستان زبیر احمد گوندل نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 6ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے پر عزم دن کے موقع پر شباب ملی پاکستان ”پاکستان میں تجھ پہ قربان“ مہم چلائے گی۔

جس کے تحت تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز پر ریلیاں نکالے گی۔ دفاعِ وطن کے عزم کو دہرانے کے لیے تصویری نمائشیں، تھیٹر ڈرامے اور شہداء کوخراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرامات کیے جائیں گے۔ہر تقریب کا آغاز و اختتام قومی ترانہ سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قومی پرچم کو سلامی دی جائے گی۔ ہر شہر میں بڑے سے بڑے پاکستانی پرچم کی نمائش کی جائے گی۔

6ستمبر کو لاہور میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق خصوصی پروگرام میں شرکت فرمائیں گے۔ اس کے لیے مرکزی ہیڈکوارٹر منصورہ میں مدثر احمد شاہ، صہیب شریف اور فرید رزاقی کی زیرِ نگرانی انفارمیشن سیل قائم کر دیا گیا ہے۔تمام ڈویژنل اور ضلعی ذمہ داران کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ یہ دن ہمارے قومی وقار اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے لہٰذا اسے اس کے شایانِ شان منایا جائے گا۔

اس دن پورے پاکستان کو قومی دھارے میں پرو دیں گے۔پاکستان کا ہر نوجوان وطن کی حرمت پہ کٹ مرنے کے لیے تیار ہے۔حکومت کی مینگو ساڑھی ڈپلومیسی کا نتیجہ ہے کہ بھارت بزدلانہ کارووائیاں کر رہا ہے۔بھارت پاکستان کا اذلی دشمن ہے لہٰذا دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جانی چاہیے۔6ستمبر کے دن پوری دنیا سنے گی”پاکستان میں تجھ پہ قربان“ کا نعرہ ہر پاکستانی کی زبان پر ہو گا۔

اس دن کروڑوں نوجوان پاکستان دشمنوں کوواضح پیغام دیں گے کہ پاکستان کی طرف میلی نگاہ ڈالنے والے کی آنکھیں نوچ لی جائیں گی، زبان درازی کرنے والے کی زبان کھینچ لیں گے اور ناپاک عزائم رکھنے والوں کے ذہنوں کو ماؤف کردیا جائے گا۔ انہوں نے حالیہ سرحدی کشیدگی کے نتیجے میں پاکستانیوں کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے حکومت کو بھی جارحانہ پالیسی اپنانی چاہیے۔پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔