پی ایف یو جے کے مرحوم صدر نثار عثمانی کی برسی کے موقع پر تقریب کا اہتمام ،شمعیں روشن کی گئیں

جمعہ 4 ستمبر 2015 22:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) پی ایف یو جے کے مرحوم صدر اور صحافت کی دنیا کے عظیم سپوت نثار عثمانی کی برسی گذشتہ روز یہاں منائی گئی ۔ اس موقعہ پر نثار عثمانی کے مداحوں اور ان کے چاہنے والوں کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں نثار عثمانی کی صحافت کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ ان کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں ۔

اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے سابق سیکرٹری جنرل سی آر شمسی ، سابق سیکرٹری جنرل فوزیہ شاہد ، طارق عثمانی، سردار عابد رشید ، لبرل فورم کے محمد انور، ایپنک کے راجہ جاوید ، ایپنک کے رہنما اکرام بخاری اور سینئر فوٹو گرافر اسحاق چوہدری نے خطاب کیا اور نثار عثمانی کی شخصیت اور ان کی جدوجہد پر روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

ان مقررین نے کہا کہ نثار عثمانی ہم سب کے لیے مشعل راہ تھے انھوں نے جس جرت اور بہادری سے ضیا الحق کے مارشل لا کا مقابلہ کیا اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔

ان کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہی اس ملک میں صحافت کو اس کا اصل مقام دلایا جا سکتا ۔ انھوں نے کہا کہ نثار عثمانی شاندار روایات کے امین تھے جنھوں نے آمرانہ دور کے ہر جبر اورظلم کامقابلہ کیا لیکن وقت کے آمروں کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا ۔ وہ حق اور سچ بات منہ پر اور وقت پر کرنے کے عادی تھے اور اس سے کبھی چوکتے نہیں تھے ۔انھوں نے کہا کہ آج کے صحافی کو نثار عثمانی یا ان جیسی دیگر شخصیات سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے جس سے انھیں سچی اور کھری صحافت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ آج کی صحافت پر مفاد پرست ٹولہ چھایا ہوا ہے جس کی صحافت کا مقصد حکمرانوں سے مفاد اور مراعات حاصل کرنا ہے جبکہ نثار عثمانی کی ذات ان چیزوں سے مبرا تھی ۔وہ ساری زندگی صحافیوں کے حقوق اور صحافت کی آزادی کی جدوجہد میں مصروف رہے ۔ اور کوئی حکمران انھیں اس جدوجہد سے نہ روک سکا ۔سی آر شمسی نے اس موقعہ پر کہا کہ آج پورے ملک میں نثار عثمانی کے چاہنے والے ان کی یاد میں شمعیں روشن کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ شعبہ صحافت کے اس عظیم قائد کو حقیقی خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی شاندار روایات کو زندہ رکھا جائے اور ان کے طریقہ کار اور افکار و نظریات پر چلتے ہوئے اس شعبے کی خدمت کی جائے ، اس موقعہ پر پیپلز پارٹی کی سینٹر روبینہ خالد بھی تقریب میں شریک ہوئیں اور انھوں نے نثار عثمانی کی دیا میں شمع روشن کی ۔